Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کا پاکستان اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کا خیر مقدم

 سعودی دفتر خارجہ نے پاکستان اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی اور کشیدگی میں کمی کے معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔ 
سعودی دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ’ امید کرتے ہیں فریقین اپنے تمام اختلافات پرامن وسائل، مکالمے کے ذریعے بین  الاقوانی قانون کے بنیادی اصولوں کے مطابق حل کرلیں گے۔‘
’اقوام متحدہ کے منشور اور حسن ہمسائیگی کے اصولوں کو مدنظر رکھ کر اختلافات حل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ ‘
خیال رہے پاکستان کے وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ ایران کے ساتھ حالیہ کشیدگی ختم کرنے اور سفارتی تعلقات بحال کیے جائیں گے۔
 قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس جمعے کو وزیراعظم کی زیرصدارت ہوا تھا جس کے بعد کابینہ نے بھی سلامتی کمیٹی اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی تھی۔
 نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ پاکستان کسی بھی ہمسائے سے کشیدگی نہیں چاہتا جبکہ ایران بھی کشیدہ صورتحال کا خاتمہ چاہتا ہے۔
یاد رہے کہ 17 جنوری کو ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود میں حملے کے نتیجے میں دو بچوں کی موت اور 3 بچیاں زخمی ہو گئی تھیں۔
ایران کی جانب سے اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے 48 گھنٹے سے بھی کم وقت کے اندر پاکستان نے 18 جنوری کی علی الصبح ایرانی صوبے سیستان و بلوچستان میں مبینہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ کیا تھا جس میں نو افراد مارے گئے تھے۔ 

شیئر: