Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ بلد الفن : ’صوت البلد‘  تقریب میں جاز فیسٹیول

سعودی جاز گلوکارہ نے کلاسیکی پرفارمنس کے ساتھ متعدد کمپوزیشن پیش کیں۔ فوٹو عرب نیوز
جدہ بلد الفن کے تحت جاری تقاریب کے سلسلے میں موسیقی کے شائقین ’صوت البلد‘ کے تحت جاز فیسٹیول میں غیر ملکی فنکاروں کی پرفارمنس سے لطف اندوز ہونے کے لیے تاریخی علاقے البلد میں جمع ہوئے۔
عرب نیوز کے مطابق جدہ تاریخیہ میں 25 سے 27 جنوری تک جاری رہنے والے اس پروگرام کا مقصد کلاسیکی موسیقی کو ابھارنے کے لیے منفرد ثقافتی تجربہ پیش کرتے ہوئے روایتی اور عصری موسیقی کو ملانا تھا۔
صوت البلد کے پراجیکٹ منیجر محمد باخریبہ نے تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے اس اقدام کے وژن کے بارے میں بتایا کہ صوت البلد میوزیکل فیسٹیول ہے جس کا مقصد 60 سال پر محیط کلاسیکی سعودی موسیقی کو بحال کرنا ہے۔
اس تقریب میں نئے ٹیلنٹ کو سپورٹ کرتے ہوئے ہم تاریخی ورثے کو جدید طریقے سے زندہ کرنا چاہتے ہیں اور پروگرام میں متعدد ایونٹس کی میزبانی کرنا چاہتے ہیں۔
صوت البلد فیسٹیول میں چار جرمن جاز سٹارز کی تین گھنٹے کی شاندار پرفارمنس  پیش کی گئی۔
جرمن سٹار جوہانس نے حاضرین  کے سامنے پرفارم کرنے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ یہاں کا ماحول بہت منفرد ہے  اور سچ میں سعودی سامعین کے سامنے پرفارم کر کے اچھا لگا ہے۔

اس موقع پر سعودی جاز گلوکارہ لولوہ الشریف نے کلاسیکی پرفارمنس کے ساتھ اپنی  متعدد کمپوزیشن پیش کیں۔
جاز میوزک کی سعودی مداح سوہا نے لولوہ الشریف کے اس انداز کی بھرپور تعریف کی اور غیر ملکی موسیقی کے ساتھ عربی زبان کے امتزاج کو سراہا۔

تقریب میں برطانوی گلوکار کرس جیکبز نے منفرد انداز میں دلکش پرفارمنس پیش کی جس میں معروف جاز سٹار فرینک سیناترا کی طرف سے ’ Sway with Me‘ اور ’انڈر مائی سکن‘ جیسے معروف کلاسیکی گانے شامل تھے۔
متحدہ عرب امارات  کے جاز گلوکار ارقم العبری نے فیسٹیول میں ڈیبیو کیا، اماراتی قومی لباس زیب تن کرتے ہوئے جاز گانے پیش کیے۔
ارقم العبری نے "ہم میں سے صرف دو" جیسی کلاسیکی پرفارمنس پیش کی اور جدہ میں ثقافتی پروگرام کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کیا۔

 

شیئر: