العلا میں عرب فنکاروں کے ساتھ شاعری و موسیقی کی محفل
العلا میں عرب فنکاروں کے ساتھ شاعری و موسیقی کی محفل
جمعرات 4 جنوری 2024 16:59
’شاعری کی شام‘ میں لائیو سینڈ اینڈ شیڈو شو بھی ترتیب دیا جا رہا ہے (فائل فوٹو: عرب نیوز)
العلا میں منعقد ہونے والی مومنٹس کنسرٹ سیریز میں 5 جنوری کو شاعری کی شام میں چار نئے عرب فنکار اپنی منفرد پرفارمنس پیش کریں گے۔
عرب نیوز کے مطابق مملکت کے تاریخی علاقے العلا کے ستاروں بھرے آسمان کے نیچے کئی دیگر اعلٰی بین الاقوامی سرگرمیاں بھی شامل ہوں گی۔
سعودی عرب کے معروف موسیقار اور گلوکار عبدالرحمان محمد اپنے فن کے ساتھ جلوہ گر ہوں گے جو روایتی عرب محبت کی نظموں یا غزلوں کے حوالے سے جانے جاتے ہیں۔
عبدالرحمان محمد علاقائی اور بین الاقوامی تقریبات میں پرفارمنس کی تاریخ کو مدنظر رکھتے ہوئے العلا کے تاریخی علاقے کے لیے اجنبی نہیں۔
اس سے پہلے 2022 میں مرایا کنسرٹ ہال میں پرفارم کرنے کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد عبدالرحمان محمد دوبارہ اس تقریب کے لیے واپس آئے ہیں۔
اس پروگرام میں مصر کے شہرت یافتہ فنکار 27 سالہ ایش بھی شامل ہو رہے ہیں جو آلات موسیقی کے ساتھ عالمی مقامات پر اپنی دلکش لائیو پرفارمنس کے لیے جانے جاتے ہیں۔
مصری آرٹسٹ ایش نے مشرق وسطیٰ اور فرانسیسی فن کو اپنے آلات موسیقی میں شامل کیا ہے۔
شاعری کی شام کی تقریبات میں سعودی عرب کے معروف مصور اور شاعر عبداللطیف یوسف بھی حصہ لے رہے ہیں۔
کنگ عبدالعزیز سنٹر فار ورلڈ کلچر میں 2022 میں ریاض کے مسک آرٹ ایونٹ، ریاض آرٹ کی سیمینار سیریز اور یوم تاسیس سے متعلق منفرد پروگراموں میں حصہ لے چکے ہیں۔
عبداللطیف یوسف کو اپنے شعبہ میں مہارت پر کئی اعزاز بھی مل چکے ہیں جن میں پرنس عبداللہ الفیصل انٹرنیشنل ایوارڈ برائے عربی شاعری بھی شامل ہے۔
انہوں نے دبئی ایکسپو 2020 میں کنگڈم پویلین میں ہونے والے پروگراموں، یو ایس پوئٹری برجز اور آرٹ نمائش سمیت باہمی تعاون کے مختلف پروگراموں میں بھی عمدہ پرفارمنس کی۔
اس ’شاعری کی شام‘ میں لائیو سینڈ اینڈ شیڈو شو بھی ترتیب دیا جا رہا ہے جس میں فنکار ارد گرد کے مناظر کی مناسبت سے تیار کئے گئے ملبوسات زیب تن کریں گے۔
العلا مومنٹس کنسرٹ میوزیکل سیریز طنطورہ تہوار موسم سرما کے پروگراموں کا حصہ ہے جس میں 12 جنوری کو عبادی الجوہر، 18 جنوری کو حجرا کینڈل لیٹ کلاسکس، 19 جنوری کو سوئس آرکسٹرا کنسرٹ اور 26 جنوری کو معروف ٹینر اینڈریا بوسیلی پرفارم کریں گے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں