ٹی بیگ میں کیڑوں کی ویڈیو پر سعودی فوڈ اتھارٹی کا ایکشن
فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے غیرمعیاری مصنوعات مارکیٹ سے اٹھائی جا رہی ہیں (فوٹو: العربیہ نیٹ)
سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایس ایف ڈی اے) نے خوردبین کے ذریعے کیڑوں پر مشتمل ٹی بیگ کی وائرل ویڈیو کا ایکشن لیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق ایس ایف ڈی اے نے صارفین کو اطمینان دلاتے ہوئے کہا کہ ’مقامی مارکیٹ میں زیراستعمال مصنوعات پر نظر رکھی جا رہی ہے اور اس امر کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ کھانے پینے کی اشیا ہر طرح کی آلودگیوں سے محفوظ ہوں۔
’مختلف اشیا کے نمونے حاصل کر کے پتہ لگایا جا رہا ہے کہ وہ سعودی سٹینڈرڈ کے مطابق ہیں یا نہیں۔ خلاف ورزی ثابت ہو جانے پر متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے اور غیرمعیاری مصنوعات مارکیٹ سے اٹھائی جا رہی ہیں۔‘
ایس ایف ڈی اے نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ ’ایسی کوئی بھی چیز جس کے بارے میں انہیں شبہ ہو یا ہر وہ چیز جس سے صارفین کسی مشکل میں پڑ گئے ہوں فوری مطلع کریں۔‘
سوشل میڈیا صارفین نے اس ویڈیو پر برہمی کا اظہار کیا ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص خوردبین کے ذریعے ٹی بیگ کا معائنہ کر رہا ہے اور ٹی بیگ کے اندر متحرک کیڑوں اور آلودگی کی نشاندہی کررہا ہے۔ یہ کیڑے اس قدر باریک ہیں کہ انہیں خوردبین کے بغیر دیکھنا ممکن نہیں۔
صارفین نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ مبینہ ویڈیو کے بارے میں وضاحت کی جائے کہ آیا ٹی بیگ والی کہانی درست ہے یا نہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں