Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مچھ میں عسکریت پسندوں کے حملوں میں ایس ایچ او سمیت پانچ افراد ہلاک

حملوں می عمارات سمیت کئی سرکاری املاک، گاڑیوں اور کولپور میں ایک نجی ہوٹل کو بھی نقصان پہنچا (فوٹو: سکرین گریب)
بلوچستان کے ضلع کچھی (بولان) میں نامعلوم عسکریت پسندوں نے مچھ شہر سمیت چار مختلف مقامات پر حملے کیے ہیں جس کے نتیجے میں پولیس کے ایس ایچ او سمیت پانچ افراد ہلاک، جبکہ 10 زخمی ہوئے۔
نگراں وزیر اطلاعات جان اچکزئی کے مطابق ’اب تک پانچ دہشت گرد بھی مارے جا چکے ہیں۔‘
حکام کے مطابق گذشتہ رات تقریباً ساڑھے نو بجے سے فائرنگ اور دھماکوں کا سلسلہ آج صبح رک گیا ہے اور صورتحال واضح ہونا شروع ہو گئی ہے۔ حملہ آوروں نے سینٹرل جیل مچھ، پولیس تھانے، ریلوے سٹیشن اور سکیورٹی فورسز کے کیمپ پر حملہ کیا۔
حکام کے مطابق حملوں میں ایس ایچ اور ایک ریلوے پولیس اہلکار سمیت کم از کم پانچ افراد ہلاک اور دس سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
ڈی ایس پی مچھ اکبر بگٹی نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’دہشت گردوں نے رات گئے مچھ تھانے پر بھی حملہ کیا جس میں ایس ایچ او ساجد سولنگی جان کی بازی ہارگئے جبکہ پانچ پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔‘
حملوں میں مچھ میں عمارات سمیت کئی سرکاری املاک، گاڑیوں اور کولپور میں ایک نجی ہوٹل کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
نگراں وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے تصدیق کی تھی کہ مچھ میں اسلم اچھو گروپ سے وابستہ دہشت گردوں کی جانب سے تین مربوط حملوں کو سکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا ہے۔
کچھی پولیس کے حکام کے مطابق کوئٹہ سے تقریباً 50 کلومیٹر دور مچھ، کولپور اور گوکرت میں تین مختلف مقامات پر بیک وقت حملے کیے گئے۔ درجنوں حملہ آوروں نے پہاڑوں سے سرکاری عمارات کی جانب راکٹ داغے جس سے شہر دھماکوں سے گونج اٹھا۔

شیئر: