Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

متعدد شہروں میں سکول بند، بارش اور شدید دھند

’بارش اور دھند کے وقت وادیوں، ڈھلانوں اور سیلاب کی گزر گاہوں سے دور رہیں‘ (فوٹو: سبق)
غیر یقینی موسم اور شدید دھند کے باعث آج منگل کو الباحہ، بیشہ اور النماص کے علاوہ قرب و جوار کے سکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مذکورہ علاقوں میں آج تدریسی عمل آن لائن ہوگا جبکہ تمام سکولوں کا تدریسی و انتظامی عملہ آن لائن ڈیوٹی دے گا۔
محکمہ تعلیم نے کہا ہے کہ ’محکمہ موسمیات کی رپورٹ کی بنا پر اور طلبہ و اساتذہ کی سلامتی کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے‘۔
دوسری طرف محکمہ شہری دفاع نے رہائشیوں کو انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’بارش کے وقت گھروں تک محدود رہیں‘۔
’بارش اور دھند کے وقت وادیوں، ڈھلانوں، نشیبی علاقوں اور سیلاب کی گزر گاہوں کے علاوہ پر خطر مقامات سے دور رہیں‘۔
ادھر محکمہ شہری دفاع ، ہلال احمر اور میونسپلٹی نے ہنگامی حالت کا اعلان کیا ہوا ہے۔

’المہد اور وادی الفرع میں شدید دھند ہے جس کی وجہ سے حد نگاہ تین سے 5 کلو میٹر تک محدود رہے گی‘ ( فوٹو: سبق)

محکمہ موسمیات نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ ریجن کے متعدد علاقوں میں آج درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے‘۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’آج جازان، عسیر اور باحہ میں موسلادھار بارش ہوگی‘۔
’غیر یقینی موسم مکہ مکرمہ کے بالائی علاقوں تک ہوگا جبکہ طائف میں شدید بارش کا قوی امکان ہے‘۔
ادھر مدینہ منورہ کے حوالے سے محکمے نے کہا ہے کہ ’المہد اور وادی الفرع میں شدید دھند ہے جس کی وجہ سے حد نگاہ تین سے 5 کلو میٹر تک محدود رہے گی‘۔

شیئر: