مسجد نبوی میں خواتین زائرین کے لیے 9 ہدایات کیا ہیں؟
ہدایات میں کہا گیا مسجد نبوی آتے وقت شرعی حجاب کی پابندی کریں (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں ادارہ حرمین کے امور کی نگراں کمیٹی کی جانب سے مسجد نبوی آنے والی خواتین زائرین کے لیے 9 ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
سبق نیوز کے مطابق ادارے کے ایکس اکاونٹ پر جاری ہدایات میں زائرخواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے ’مہمان خواتین، امید ہے آپ مسجد الحرام آمد پر اداب کا خیال رکھیں گی، انتظامیہ کی جانب سے جو ہدایات جاری کی گئی ہیں ان پر سختی سے عمل کریں۔
ہدایات میں کہا گیا کہ مسجد نبوی آتے وقت شرعی حجاب کی پابندی کریں، یہاں موجود کارکن خواتین سے تعاون کریں، مسجد میں سونے اور لیٹنے سے اجتناب برتیں، جماعت کے دوران صف بندی کا خیال کریں۔
انتظامیہ نے مسجد نبوی میں صفائی رکھنے اور وہاں کھانا کھانے سے بھی گریز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے بلند آواز میں باتیں نہ کرنے، اپنی اشیا کو ساتھ رکھنے اور قالیون پر جوتوں کے ساتھ چلنے سے بھی گریز کرنے کا کہا ہے۔
واضح رہے بعض زائرخواتین مسجد نبوی میں آتے وقت حجاب کا اہتمام نہیں کرتیں جبکہ کچھ خواتین مسجد میں عبادت کے بجائے زیادہ وقت باتوں میں گزارتی ہیں جس سے وہاں موجود دوسری خواتین کو تکلیف ہوتی ہے بلکہ یہ مسجد نبوی کے آداب کے بھی منافی ہے۔