دبئی میں ’ریل فلسطین‘ کے ذریعے عالمی یکجہتی کا پیغام
دبئی میں ’ریل فلسطین‘ کے ذریعے عالمی یکجہتی کا پیغام
جمعرات 1 فروری 2024 16:09
فلم فیسٹیول غزہ میں حماس اسرائیل تنازعات کے دوران منعقد ہو رہا ہے۔فوٹو انسٹاگرام
کچھ لوگ سنیما کا رخ صرف ویک اینڈ منانے کے لیے کرتے ہیں مگر انڈی فلم فیسٹیول ’ریل فلسطین‘ کے منتظمین کے لیے سنیما معاشرے کی عکاسی اور مقامی کمیونٹی میں بات چیت کے بارے میں ہے۔
عرب نیوز کے مطابق دبئی کے القوز آرٹس فیسٹیول میں ’ریل فلسطین‘ 10ویں ایڈیشن کے ساتھ 26 جنوری سے واپس آ گیا ہے جو 4 فروری تک جاری رہے گا۔
فلم فیسٹیول کے ڈائریکٹر خالد السابی نے ’ریل فلسطین‘ کو متاثر کن قرار دیتے ہوئے بتایا ہے کہ فیسٹیول کا آغاز دس سال قبل ایک رضاکار گروپ نے کیا تھا۔
یہ گروپ فلسطینی آوازوں کے لیے ایک جگہ بنانا چاہتے تھے۔ اس کا آغاز نچلی سطح کے منصوبے کے طور پر ہوا اور پھر یہ خطے میں ایک بڑے فلسطینی فلم فیسٹیول میں شمار ہونے لگا۔
ریل فلسطین فیسٹیول میں موجود سنیما عقیل میں دکھائی جا رہی ہے جو دبئی کے آرٹس القوز ڈسٹرکٹ کا حصہ ہے۔
اس فلم ہاؤس کا آغاز 2014 میں بشینہ کاظم نے کیا تھا اور اب یہ جی سی سی کا منفرد سنیما گھر ہے۔
خالد السابی نے بتایا ہے کہ ہم ہمیشہ تازہ ترین تیار کی گئی فلسطینی فلمیں لانے کی کوشش کرتے ہیں۔ بعض اوقات فلسطین میں پروڈکشن میں کمی کی وجہ سے فلموں کا زیادہ انتخاب نہیں ملتا۔
فیسٹیول کے سال 2024 کے ایڈیشن میں فلسطینی کاز کے ساتھ عالمی یکجہتی پر مرکوز فلمیں شامل کی گئی ہیں۔
اس سال نمایاں فلموں میں سے ایک موہناد یعقوبی کی ’ آر 21 اے کے اے‘ یکجہتی کی بحالی سے متعلق ہے اور یہ فلم فلسطینی کاز کے لیے جاپانی عوام کی یکجہتی کے بارے میں ہے۔
فلم فیسٹیول کے ڈائریکٹر نے معاشرے اور موجودہ حالات و واقعات کی عکس بندی میں سینما کے کردار سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ اس قسم کا سینما سماجی، صنفی مسائل کے ساتھ دیگر موضوعات کا احاطہ کرتا ہے۔
دبئی میں ہونے والے فلسطین فلم فیسٹیول غزہ میں حماس اسرائیل تنازعات کے دوران منعقد ہو رہا ہے۔
غزہ میں کی جانے والی اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں اب تک 27 ہزار فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔
فلم فیسٹیول کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ رواں سال ہم نے غزہ پر حملے کے جواب میں اپنے پروگرام میں تبدیلی کرتے ہوئے ایسی فلموں کی نمائش کی ہے جو فلسطینیوں سے متعلق ہیں۔
خالد السابی نے مزید بتایا کہ اس سال منعقد ہونے والے فلم فیسٹیول کی جانب اب تک سب سے زیادہ ناظرین نے رخ کیا ہے۔