اسلام آباد... ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان دونوں کو دہشت گردی سے خطرہ ہے ۔بارڈر منیجمنٹ انتہائی ناگزیر ہے۔ دونوں ممالک کو تعلقات کی خرابی کا باعث بننے والے عناصر کا راستہ روکنا ہوگا ۔ہفتہ وار بریفنگ کے دورا ن انہوں نے مزید کہا کہ ہند افغانستان میں ڈبل گیم کررہا ہے۔ پاک، افغان تعلقات خراب کرنے میں بھی نئی دہلی ملوث ہے۔پاکستان کے خلاف افغان سرزمین استعمال کی جارہی ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہند کشمیریوں کو ظلم و تشدد سے زیر کرنا چاہتا ہے لیکن کشمیری کسی صورت حق خود ارادیت کی جدوجہد سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لے ۔ انہوں نے کہا کہ ہند کشمیر کے علاوہ خطے کے امن کو بھی نقصان پہنچا رہا ۔ لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ ہند کو بارہا خبردار کیا ہے کہ وہ پاکستان کی عسکری طاقت کے بارے میں کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔نفیس زکریا نے کہا کہ قطری وفد کے دورہ پاکستان کے حوالے سے کوئی علم نہیں تاہم پاکستان کی کوشش ہے کہ موجودہ صورتحال کا بہتر حل نکل آئے۔ پاکستان ا مت مسلمہ کے اتحاد پر یقین رکھتا ہے۔