غزہ کےلیے صحت خدمات، سعودی ایجنسی کا عالمی ادارہ صحت کے ساتھ 10 ملین ڈالر کا معاہدہ
شاہ سلمان مرکز کا عالمی ادارہ صحت کے ساتھ امدادی مہم کا معاہدہ کیا گیا(فوٹو، ایکس )
سعودی عرب کے شاہ سلمان امدادی مرکز نےعالمی ادارہ صحت کے ساتھ غزہ متاثرین کے لیے صحت خدمات کی مد میں 10 ملین ڈالر کا عطیہ دینے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
سبق نیوز کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملنے والی امدادی رقم سے غزہ پٹی میں دس لاکھ سے زائد فسلطینیوں کو ہنگامی صحت خدمات مہیا کی جاسکیں گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ امدادی منصوبہ 12 ماہ میں مکمل کیا جائے گا جس کے تحت 30 فرسٹ ایڈ سینٹرز قائم کیے جائیں گے جبکہ غزہ کے مختلف علاقوں میں 10 ہسپتالوں کی تعمیر اور ہنگامی امداد کے لیے ایمبولینسیں بھی فراہم کی جائیں گی۔
طبی امداد کے لیے غزہ میں ادویات کی سپلائی کے لیے بھی منظم انتظامات بھی کیے جائیں گے علاوہ ازیں ایمبولینسوں اور جینریٹرز کے لیے ایندھن بھی فراہم کیاجائے گا۔