Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آصف زرداری آزاد امیدواروں کو شامل کرنے کا زیادہ تجربہ رکھتے ہیں: اسحاق ڈار

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن پنجاب اور وفاق میں حکومتیں بنانے کے لیے پرامید ہے (فوٹو: ایکس، پی ایم ایل این)
پاکستان ملسم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ’پنجاب میں ہم اکثریتی جماعت ہیں اور امیدواروں نے ہم سے رابطہ کیا ہے۔‘
جمعے کو ایک نیوز چینل سے ٹیلی فور پر بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ موبائل سروس کی بندش کے باعث رزلٹس آنے میں تاخیر ہوئی، جو نہیں ہونے چاہیے تھے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے نتائج میں تاخیر کے حوالے سے کوئی شکایت کی تھی؟ تو اس کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’شکایت کیسے کرتے، فون تو بند تھے۔‘
اسحاق ڈار کے مطابق ’جب نتائج کم آ رہے تھے تب بھی مسلم لیگ ن آگے تھی، اب بھی کافی آنا باقی ہیں، جلد صورت حال واضح ہو جائے گی۔‘
آزاد امیدواروں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ آئین کے مطابق جیتے والے آزاد امیدوار کو 72 گھنٹوں میں کسی پارٹی سے ملنا ہوتا ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ن لیگ سے آزاد امیدواروں نے رابطہ کیا، اثبات میں جواب دیتے ہوئے انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ’کسی کو زبردستی ساتھ نہیں ملا سکتے، جو آئے گا دیکھیں گے۔‘
آزاد امیدواروں کی پارٹیوں میں شمولیت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’آصف زرداری اس کا زیادہ تجربہ رکھتے ہیں۔‘
 انہوں نے دعوٰی کیا کہ مسلم لیگ ن کے پاس ’سائزایبل نمبرز‘ ہیں۔
جب ان سے نمبرز کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے واضح جواب دینے سے گریز کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کی نشستوں کے لحاظ سے مسلم لیگ ن سب سے بڑی جماعت ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ’پنجاب اور وفاق میں حکومتیں بنانے کے لیے پرامید ہیں۔‘
کسی دوسرے کی حکومت بنی تو اسے تسلیم کیا جائے گا؟ اس سوال کا جواب میں انہوں نے کہا کہ ’ہاں ایسا کیا جائے گا۔‘

شیئر: