الیکشن 2024: لاہور سے کون جیتا اور کون ہارا؟
جمعہ 9 فروری 2024 11:51
ادیب یوسفزئی -اردو نیوز
سردار لطیف کھوسہ نے مسلم لیگ ن کے خواجہ سعد رفیق کو شکست دی ہے (فوٹو: پی ٹی آئی سوشل میڈیا)
ملک بھر کی طرح پنجاب میں بھی الیکشن نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں، یہ نتائج مال روڈ پر قائم ٹاؤن ہال میں الیکشن کمیشن پنجاب کی جانب سے ڈسپلے کیے جا رہے ہیں۔
پنجاب کی 14 قومی اسمبلی کی نشستوں پر سب سے بڑا مقابلہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور یاسمین راشد کا تصور کیا جا رہا تھا۔
الیکشن کمیشن کے فارم 47 کے مطابق یہ مقابلہ میاں محمد نواز شریف جیت چکے ہیں۔ نواز شریف نے این اے 130 سے کُل 171024 ووٹ حاصل کیے ہیں جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد نے 115043 ووٹس حاصل کیے۔
اس حلقے میں ٹرن آؤٹ 48.4 فیصد رہا۔
پولنگ کا عمل ختم ہونے کے بعد سے پورے پاکستان کی نظریں اس حلقے پر تھیں کیونکہ ڈاکٹر یاسمین راشد اس وقت جیل میں ہیں جبکہ میاں نواز شریف سابق وزیراعظم رہ چکے ہیں، اسی لیے کہا جا رہا تھا کہ یہ الیکشن کا سب سے مضبوط مقابلہ ہو گا۔
اس کے علاوہ لاہور کے 13 دیگر حلقوں پر بھی نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
این اے 122 پر سردار لطیف کھوسہ کا مقابلہ پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق کے ساتھ تھا اور لطیف کھوسہ بازی لے گئے ہیں۔
انہوں نے ایک لاکھ 17 ہزار 109 ووٹ حاصل کیے جبکہ خواجہ سعد رفیق 77 ہزار نو سو سات ووٹ حاصل کر پائے۔
این اے 122 میں اب تک خواجہ سعد رفیق فیورٹ رہے ہیں اب مبصرین اسے لاہور کا بڑا اپ سیٹ بتا رہے ہیں۔
یہ اب تک کا واحد حلقہ ہے جہاں سے ہارنے والے امیدوار نے نتیجے کو کھلے دل سے تسلیم کیا ہے۔
انہوں نے ایکس پر پوسٹ میں لطیف کھوسہ کو مبارک باد دی۔
پاکستان مسلم لیگ ن کو دوسرا بڑا اپ سٹ این اے 121 پر ملا ہے جہاں مضبوط امیدوار شیخ روحیل اصغر تھے ان کے مقابلے میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار وسیم قادر تھے۔
فارم 47 کے مطابق این اے 121 سے پی ٹی آئی کے نامزد آزاد امیدوار 78703 ووٹ حاصل کر کے کامیاب ٹہرے ہیں۔
ان کے مقابلے میں شیخ روحیل اصغر نے 70597 ووٹس حاصل کیے، تاہم ن لیگ کو دیگر حلقوں سے خوشی کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔
فارم 47 کے مطابق این اے 124 میں مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار رانا مبشر اقبال نے 55387 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ ان کے مقابلے میں پی ٹی آئی کے نامزد آزاد امیدوار ضمیر احمد نے 43594 ووٹ حاصل کیے ہیں۔
اسی طرح حلقہ این اے 123 میں شہباز شریف نے بھی کامیابی حاصل کی ہے۔ شہباز شریف نے اس حلقے میں 63953 ووٹ لے کر کامیابی سمیٹی ہے جبکہ پی ٹی آئی کے نامزد آزاد امیدوار افضل عظیم پاہٹ 48486 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہی۔
لاہور میں قومی اسمبلی کے 14 حلقوں میں کئی لوگوں کی نظریں عالیہ حمزہ اور حمزہ شہباز شریف کے مقابلے پر بھی تھیں۔
ایک طرف عالیہ حمزہ جیل میں ہیں تو دوسری طرف ان کا مقابلہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب سے تھا۔
این اے 118 میں پاکستان مسلم لیگ ن کے محمد حمزہ شہباز شریف 105960 ووٹس حاصل کر کے کامیان ہوئے ہیں۔
ان کےمقابلے میں عالیہ حمزہ نے 100803 ووٹ حاصل کیے ہیں۔ یہ اب تک کا سب سے مضبوط مقابلہ رہا ہے جس میں مسلم لیگ ن نے کامیابی حاصل کی ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ مریم نواز شریف بھی حلقہ این اے 119 پر میاں شہزاد فاروق کے خلاف کامیاب قرار پائی ہیں۔ انہوں نے نے این اے 119 سے 83855 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔
ان کے مقابلے میں میاں شہزاد فاروق 68376 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ میاں شہزاد فاروق میاں عباد فاروق کے بھائی ہیں، عباد فاروق کئی ماہ سے جیل میں ہیں۔
مجموعی طور پر اب تک لاہور کی 14 قومی اسمبلی کی نشستوں پر 7 فارم 47 اردو نیوز کو موصول ہوچکے ہیں جن میں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف، مریم نواز شریف، شہباز شریف، رانا مبشر، سردار لطیف کھوسہ اور وسیم قادر کامیاب ٹھہرے ہیں۔