Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران کے نقشِ جہاں سٹیڈیم میں نصب مجسمہ ہٹا دیا گیا، سپاہان کلب

قاسم سلیمانی کے مجسمے کے باعث سپاہان اور الاتحاد کلب کا میچ  منسوخ ہوا تھا۔ فوٹو الریاضیہ
ایران کے فٹبال کلب سپاہان کے سی ای او نے تصدیق کی ہے کہ اصفہان کے نقشِ جہاں سٹیڈیم میں نصب پاسدران انقلاب کے سابق کمانڈر قاسم سلیمانی کا مجسمہ ہٹا دیا ہے۔
کھیلوں کی خبروں کے عربی اخبار الریاضیہ کے مطابق اے ایف سی چیمپئنز لیگ راؤنڈ آف 16 کے پہلے مرحلے میں ایران کے سپاہان فٹبال کلب کا مقابلہ سعودی عرب کے الہلال کلب سے ہو گا۔
گراؤنڈ کے داخلی راستے میں سابق سپہ سالار قاسم سلیمانی کے نصب مجسمے اور سیاسی بینرز آویزاں کرنے کے باعث 2 اکتوبر کو سپاہان کلب کا سعودی کلب الاتحاد سے گروپ مرحلے کا میچ  منسوخ کر دیا گیا تھا۔
چیمپئنز لیگ کے گروپ مرحلے  کے اس میچ میں جدہ کی فٹبال کلب الاتحاد کو بالآخر0-3 کی ڈیفالٹ فتح سے نوازا گیا تھا۔
کھیلوں کے سعودی روزنامہ الریاضیہ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سپاہان کلب کے سی ای او منوچہر نیکفر نے بتایا ہے کہ  نقشِ جہاں سٹیڈیم کے حوالے سے بحران حل ہو گیا ہے۔

اے ایف سی چیمپئنز لیگ میں زیادہ  آگے جانے کی ہماری خواہش ہے۔ فائل فوٹو الریاضیہ

اے ایف سی نے اصفہان کے سٹیڈیم میں میچ سے قبل قاسم سلیمانی کا مجسمہ ہٹانے کی جو درخواست کی تھی اس پر عمل درآمد کیا گیا ہے، نصب مجسمے کے باعث کھیل میں بحران پیدا ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ’متوقع مقابلہ انتہائی دلچسپ ہو گا، ہم ایشیا کے سب سے بڑے کلبوں میں سے ایک کا سامنا کریں گے اور ہم اس مضبوط ٹیم کو اچھی طرح جانتے ہیں، نیمار کی غیر موجودگی میں بھی یہ ٹیم کمزور نہیں ہے۔‘

اصفہان کے نقشِ جہاں سٹیڈیم کے حوالے سے بحران حل ہو گیا ہے۔ فائل فوٹو گیٹی امیجز

سپاہان کلب کے ذمہ دار کا کہنا ہے کہ ’ہمارے پاس بھی ایک اچھی ٹیم ہے اور ہم اے ایف سی چیمپئنز لیگ میں زیادہ سے زیادہ آگے جانے کی خواہش رکھتے ہیں۔‘
اے ایف سی کی ویب سائٹ کے مطابق ریاض کی کلب الہلال اور ایران کی کلب سپاہان کے درمیان ٹائی مرحلے کا دوسرا میچ 22 فروری کو ریاض کے پرنس فیصل بن فہد سٹی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: