ریاض میں شہری کے اغوا اور قتل میں ملوث دو خواتین سمیت 5 افراد کو سزائے موت
اتوار 11 فروری 2024 22:55
سیکیورٹی فورس نے ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت کےحوالے کیا تھا۔ (فوٹو اخبار 24)
سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ اتوار کو ریاض میں ایک شہری کےاغوا، تشدد اور ہلاکت میں ملوث دو خواتین سمیت 5 افراد کو سزائے موت دی گئی۔
خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت نے بیان میں کہا کہ مشعل بن علی بن محمد البی، ابراہیم بن عبداللہ بن علی بن سید المساوی، سلطان بن محمد بن غرامہ الاسمری، عبیر بنت علی بن ظافر آل محمد العمری اور بیان بنت حافظ بن علی صدیق (یہ تمام سعودی شہری ہیں)، نے خالد بن دلاک بن محمد حامظی (سعودی) کو اغوا کے بعد تشدد کیا جس سے وہ ہلاک ہوگیا۔
بیان میں بتایا گیا کہ گرفتاری کے بعد ملزمان نے اعتراف کیا کہ انہوں نے دھوکے سے خالد بن دلاک کو ایک جگہ بلایا اسلحے کے زور پرایک مکان میں لے جاکر باندھ دیا۔ اسے نشہ آور اشیا دینے کے بعد بجلی کے جھٹکے دیے اور اس پر تشدد کیا جس کے بعد ویران جگہ پر پھینک دیا جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔
وزارت کا کہنا تھا سیکیورٹی فورس نے تمام ملزمان کو تلاش کے بعد گرفتار کرکے عدالت کے حوالے کیا۔ ملزمان نے اپنے جرم کا اقرارکیا۔عدالت نے انہیں موت کی سزا کا حکم دیا۔
اپیل کورٹ نے عدالتی فیصلے کو برقرار رکھا۔ایوان شاہی نے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کا حکم صادر کیا جس پر اتوار کو ریاض میں عمل درآمد کرایا گیا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں