Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئندہ مکہ مکرمہ کا سفر حرمین ٹرین سے کرونگا، فیصل بن سلمان

مدینہ منورہ - - -  گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ آئندہ وہ مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ کا سفر حرمین ایکسپریس ٹرین سے کریں گے ۔ حرمین ٹرین پروجیکٹ تکمیل کی منزل میں داخل ہو چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ حجاج معتمرین اور زائرین کی ضرورت اور دلچسپی کا پروگرام ہے اس پر ہمیں فخر ہے ۔ گورنر مدینہ منورہ نے کہا کہ مسجد نبوی شریف کے زائرین کیلئے مدینہ منورہ میں السلام عجائب گھر بھی قابل دید ہو گا ۔ وہ جمعرات کو مکہ مکرمہ میں امر القریٰ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر راشد الراجح کے مکان پر اپنے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے ۔ ہمراہ شہزادہ فہد بن فیصل ، شہزادہ احمد بن فیصل بھی تھے ۔ مکہ مکرمہ کے عمائدین اور اسکالر بھی مدعو تھے ۔ گورنر مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کے شہریوں نے افطار ڈنر میں شرکت کے موقع پر رائے عامہ کی دلچسپی کے امور خصوصاً ترقیاتی ، تعلیمی ، تاریخی اور ادبی مسائل پر بات چیت کی ۔ ڈاکٹر الراجح نے شہزادہ فیصل بن سلمان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ سعودی ریاست کا شیوہ اسلامی شریعت کا نفاذ ہے ۔ بانی مملکت شاہ عبدالعزیزؒ کے عہد سے لیکر تاحال مقدس شہروں ، حجاج ، معتمرین اور زائرین کی خدمت دن بدن بہتر سے بہتر تر کی جا رہی ہے ۔ مکہ مکرمہ اور سعودی عرب کے باشندے خادم حرمین شریفین ، ولیعہد، نائب ولیعہد سے دل سے پیار کرتے ہیں او رضیوف الرحمان کی خاطر ان کی خدمات اور مساعی کو قدرومنزلت بلکہ فخر و ناز سے دیکھتے ہیں ۔

شیئر: