مراعات کے لیے خود کو معذور ظاہرکرنا جرم ہے، ماہر قانون
معذوروں کے لیے عوامی مقامات پر پارکنگ کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے(فوٹو، ایکس )
ماہرقانون نہار الحمادی کا کہنا ہے کہ مراعات حاصل کرنے کے لیے خود کو معذور ظاہر کرنا جرم ہے جس پر 5 لاکھ ریال تک جرمانہ اور 2 برس تک قید کی سزا مقرر ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق مملکت کے معروف قانون دان الحمادی نے سعودی ٹی وی ’الاخباریہ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں کی جانب سے معذور افراد کو دی جانے والی خصوصی مراعات کا ناجائز استعمال درست نہیں۔
ایسے افراد جو محض مراعات حاصل کرنے کے لیے خود کو معذور ظاہر کرتے ہیں وہ قانون شکنی کے مرتکب ہوتے ہیں۔ دھوکے بازی پر ایسے افراد کو قانون کے مطابق سزا دی جاتی ہے۔
ماہر قانون کا مزید کہنا تھا کہ ’جعل سازی پر مالی جرمانے کے علاوہ دو برس قید کی سزا بھی دی جاسکتی ہے۔ متعلقہ ادارے کی جانب سے ایسے افراد کے بارے میں باریک بینی سے تحقیق کی جاتی ہے جس کے بعد ان کے خلاف کیس فائل کیا جاتا ہے۔
واضح رہے سعودی عرب میں معذور افراد کے لیے مختلف مراعات مقرر کی گئی ہیں۔ جسمانی معذوری کی صورت میں انہیں حکومت کی جانب سے بھی خصوصی وظفیہ ملتا ہے۔ علاوہ ازیں ایسے افراد کو روزگار فراہم کرنے والے اداروں کی رینکنگ بھی بہتر کی جاتی ہے۔
محکمہ ٹریفک کی جانب سے بھی معذور افراد کے لیے سرکاری اداروں یا عوامی مقامات پر پارکنگ کی بھی خصوصی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ ٹریفک قوانین کے مطابق معذور افراد کی گاڑیوں کے لیے خصوصی پرمٹ جاری کیا جاتا ہے۔