صدر محمود عباس کی قطر کے امیر سے ملاقات، غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال
دونوں رہنماؤں نے خطے میں تشدد میں اضافے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ فوٹو: عرب نیوز
فلسطین کے صدر محمود عباس اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے غزہ کی پٹی اور دیگر مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق پیر کو دوحہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے غزہ میں فوری جنگ بندی کی غرض سے ہونے والے معاہدے کے لیے جاری کوششوں پر بات چیت کی، جس سے مسئلہ فلسطین کے ایک منصفانہ، جامع اور پائیدار حل کی راہ ہموار ہو سکے۔
قطر نیوز ایجنسی کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں تشدد میں اضافے پر بھی تبادلہ خیال کیا، اور دوطرفہ تعلقات اور ان طریقوں کا جائزہ لیا جن کے تحت انہیں بڑھایا جا سکتا ہے۔
شیخ تمیم نے فلسطینی جدوجہد کے لیے قطر کی غیرمتزلزل حمایت اور فلسطینی عوام کے ساتھ ان کی صحیح قومی امنگوں کے حصول کی کوششوں میں یکجہتی کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ قطر کے عوام غزہ میں تنازع کو روکنے اور مغربی کنارے میں بدامنی کو کم کرنے کی غرض سے سفارتی اور ثالثی کی کوششوں کے لیے پرعزم ہیں، اور ایسے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں جو فلسطینیوں کے درمیان تفرقات کو ختم کرنے میں مدد دے سکیں۔
صدر محمود عباس نے قطر کی جانب سے فلسطینی عوام کی مسلسل حمایت پر شیخ تمیم بن حمد الثانی کا شکریہ ادا کیا۔
صدر محمود عباس نے غزہ جنگ کی کوریج کرنے والے فلسطینی صحافی معتز عزایزہ سے بھی ملاقات کی۔ معتز عزایزہ کو اسرائیل کی جانب سے قتل کی دھمکیاں ملنے پر جنوری میں غزہ سے دوحہ منتقل کر دیا گیا تھا۔