Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حکومت سازی کے لیے شہباز شریف کی ایم کیو ایم سے مشاورت، ’آگے بڑھنے پر اتفاق‘

شہباز شریف نے ن لیگ کی حمایت پر پیپلز پارٹی کا شکریہ ادا کیا (فوٹو: اے ایف پی)
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ انہوں نے سابق صدر آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے اور ن لیگ کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
منگل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’مسلم لیگ ن کی حمایت کے اعلان پر قائد میاں نواز شریف کی طرف سے اور اپنی طرف سے ان کا شکریہ ادا کیا۔ امید کرتے ہیں کہ ہم مل کر پاکستان کو تمام سیاسی اور معاشی بحرانوں سے نکالنے میں کامیاب ہوں گے۔‘
واضح رہے کہ اس سے قبل بلاول بھٹو زرداری نے کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت بنانے کے لیے مسلم لیگ ن کے امیدوار کو ووٹ دیں گے، لیکن کابینہ کا حصہ نہیں بنیں گے۔
بلاول بھٹو نے دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا تھا اور اس حوالے کمیٹی بنا دی گئی ہے۔
 دیگر جماعتوں کے ساتھ رابطہ کاری کرنے والوں میں قمر زمان کائرہ، سید مراد علی شاہ، سردار ثناء اللہ زہری، شجاع (شازی) خان، سعید غنی اور ندیم افضل چن شامل ہیں۔
دوسری طرف اسلام آباد میں مسلم لیگ ن اور ایم کیوایم قائدین کی اسلام آباد میں اہم مشاورتی بیٹھک ہوئی جس میں شہبازشریف سے ایم کیوایم وفد نے  ملاقات کی۔
وفد کی قیادت ایم کیوایم کے کنویننر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کی۔ ان کے علاوہ گورنر سندھ کامران ٹسوری، ڈاکٹر فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال بھی وفد میں شامل تھے۔
دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے سیاسی صورتحال اور حکومت سازی سے متعلق مشاورت کی اور باہمی تعاون سے آگے بڑھنے پر اتفاق کیا۔

شیئر: