Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی پی نے حکومت سازی کے لیے پی ٹی آئی سے رابطہ کیا تھا؟

شیر افضل مروت نے مزید کہا کہ نواز شریف نے 21 سیٹیں ملنے پر وکٹری سپیچ کی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
عام انتخابات 2024 کے بعد حکومت سازی کے معاملات حتمی مراحل میں داخل ہو چکے ہیں اور  وزیر اعظم کے امیدوار کے لیے پیپلز پارٹی نے ن لیگ کی حمایت کا اعلان بھی کر دیا ہے۔
اس دوران پاکستان تحریک انصاف انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے حکومت سازی کے لیے پی ٹی آئی سے رابطہ کیا  تھا مگر پارٹی نے جواب نہیں دیا۔
شیر افضل مروت نے اپنا بیان میں کیا کہا تھا ؟
این اے 41 لکی مروت سے پی ٹی آئی کے نومنتخب ایم این اے شیر افضل مروت نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ حکومت سازی کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی نے رابطہ کیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’پیپلز پارٹی نے اپروچ کیا مگر ہم نے اس کا جواب نہیں دیا۔ پاکستان تحریک انصاف کا فیصلہ عمران خان سے مشروط تھا۔اس لیے کسی نے پیپلز پارٹی کے رابطے پر مثبت جواب نہیں دیا۔
شیر افضل مروت نے مزید کہا کہ نواز شریف نے 21 سیٹیں ملنے پر وکٹری سپیچ کی ہے۔ آصف علی زرداری نے سندھ میں ہماری سیٹیں زبردستی چھین لیں۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین، محمود خان، پرویز خٹک کا حال قوم نے دیکھ لیا۔ جو بھی خان کا ساتھ چھوڑے گا وہ اپنے ووٹرز کے اعتماد میں خیانت کرے گا۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمارے ساتھ باضابطہ رابطہ نہیں کیا: ترجمان شیعب شاہین

شیر افضل مروت کے بیان پر پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان شیعب شاہین نے اردو نیوز کو بتایا کہ شیر افضل مروت کے دعوے کی حقیقت کا مجھے علم نہیں ہے۔

شیر افضل مروت کے بیان کی پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی تردید کر دی ہے۔ (فوٹو: ایکس)

پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنماؤں میں سے کسی کے ساتھ پاکستان پیپلز پارٹی نے رابطہ نہیں کیا۔ ٹی وی ٹاک شوز میں اگر کسی نے دعوت دی ہو تو الگ بات ہے۔ باضابطہ کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔
شعیب شاہین کے مطابق جماعت اسلامی اور مجلس وحدتِ المسلمین کے ساتھ اتحاد کا فیصلہ عمران خان کا تھا۔ عمران خان کے فیصلے پر عمل درآمد کیا گیا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے فیصلے پر پارٹی میں کسی کو اعتراض نہیں۔ ہم ایم ڈبلیو ایم کے ساتھ رابطے میں ہیں۔پیپلز پارٹی کے ساتھ رابطے کا فیصلہ نہیں کیا گیا تھا۔
شیر افضل مروت کے بیان کی پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی تردید کر دی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان فیصل کریم کنڈی کے مطابق شیر افضل مروت کے بیان کی کوئی حقیقت نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ سیاسی جماعتیں ایک دوسرے سے رابطے کرتی رہتی ہیں تاہم شیر افضل مروت کے بیان میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہم نے پاکستان تحریک انصاف سے حکومت سازی کے لیے رابطہ نہیں کیا۔ ’ن لیگ کی حمایت پارٹی کا متفقہ فیصلہ تھا۔‘

شیئر: