Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف کی جانب سے شہباز شریف وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار نامزد

مسلم لیگ ن کے رہنما نے بتایا کہ ’پیپلز پارٹی حکومت کا حصہ ہو گی اور وزارتیں بھی لے گی‘ (فائل فوٹو: قومی اسمبلی ایکس اکاؤنٹ)
پاکستان مسلم لیگ ن نے وزارت عظمیٰ کے لیے پارٹی کے صدر شہباز شریف کو امیدوار نامزد کردیا ہے۔ 
پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے منگل کی شب اپنے ایکس اکاؤنٹ پر بتایا کہ ’پارٹی کے قائد محمد نواز شریف نے وزیراعظم کے عہدے کے لیے محمد شہباز شریف جبکہ پنجاب کی وزارتِ اعلٰی کے لیے مریم نوازشریف کو نامزد کیا ہے۔‘
دوسری جانب پاکستان میں عام انتخابات کے بعد حکومت بنانے کے لیے تمام سیاسی جماعتیں جوڑ توڑ کے لیے سرگرم ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے غیرحتمی نتائج میں کوئی بھی پارٹی ابھی تک واضح طور پر حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ 
منگل کے روز پیپلز پارٹی نے دو دن تک جاری رہنے والے مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد یہ اعلان کیا کہ وہ مسلم لیگ ن کے وزیراعظم کے امیدوار کی حمایت کرنے کے لیے تیار ہیں، تاہم پارٹی حکومت کا حصہ نہیں ہوگی۔
سیاسی مبصرین کے مطابق پیپلز پارٹی نے حکومت کا حصہ نہ بننے اور صدر، سپیکر اور چیئرمین سینیٹ کے لیے اپنے امیدوار لانے کا اعلان کر کے مسلم لیگ ن کو مشکل میں ڈال دیا ہے، تاہم مسلم لیگ ن کے اندر اس صورت حال کو ایک مختلف طریقے سے دیکھا جا رہا ہے۔
مسلم لیگ ن کے ایک رہنما نے جو پیپلز پارٹی کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں شامل تھے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اردو نیوز کو بتایا کہ ’مسلم لیگ نے وزیراعظم کے لیے شہباز شریف اور پنجاب کی وزارتِ اعلٰی کے لیے مریم نواز کے نام اسی وقت ہی فائنل کر لیے تھے جب الیکشن کے نتائج سامنے آئے۔‘
ان کے مطابق ’میاں نواز شریف نے اس صورت حال میں اپنے آپ کو الگ کرنے کا فیصلہ اس وقت کیا اور جماعت کے رہنماؤں نے اس کی تائید کی ہے۔‘
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’الیکشن کے تیسرے روز ہی یہ بات واضح ہو چکی تھی کہ نواز شریف حکومتی بندوبست کا حصہ نہیں ہوں گے کیوں کہ انہوں نے جو زندگی میں سیاست کی ہے وہ اس صورت حال سے مختلف ہے جس کا ابھی سب کو سامنا ہے۔‘
’وہ چاہتے ہیں کہ شہباز شریف وفاقی حکومت چلائیں جبکہ مریم نواز پنجاب کو سنبھالیں اور پارٹی نے ان کے فیصلے کی تائید کی ہے۔‘
منگل کی شب اسلام آباد میں شہباز شریف اور آصف علی زرداری کی چوہدری شجاعت کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں شہباز شریف نے بھی اعلان کیا تھا کہ ’پنجاب کی وزارتِ اعلٰی کے لیے مریم نواز کا نام فائنل کیا گیا ہے،‘
تاہم ان کا کہنا تھا کہ ’وزارت عظمیٰ کے لیے وہ ابھی تک نواز شریف کو ہی درخواست کریں گے کہ وہ یہ عہدہ سنبھالیں۔‘
مسلم لیگ ن کے رہنما سے جب سوال کیا گیا کہ بظاہر پیپلز پارٹی کی تجاویز سے لگ رہا ہے کہ مشکل کام ن لیگ کے ذمے لگا دیے گئے ہیں اور آئینی عہدے وہ لیں گے تو ان کا کہنا تھا کہ ’ایسا کچھ نہیں ہے۔‘
’بلاول نے چونکہ اپنی الیکشن مہم میں کہانی کو کافی آگے بڑھا دیا تھا اس لیے واپسی کے لیے آہستگی درکار تھی جو پیپلز پارٹی کی پریس کانفرنس سے عیاں ہوئی اس میں انہوں نے اپنے ووٹرز کو اعتماد میں لیا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’چیزیں طے ہو چکی ہیں۔ پیپلز پارٹی حکومت کا حصہ ہو گی، وزارتیں بھی لے گی جبکہ شہباز شریف وزیراعظم ہوں گے۔‘

شیئر: