Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وہ غیرملکی کھلاڑی جو لاکھوں ڈالر کے بدلے پی ایس ایل کا حصہ بنے

سپلیمنٹری کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو 50 ہزار امریکی ڈالر معاوضہ دیا جاتا ہے۔ فائل فوٹو: پی ایس ایل
پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن میں کئی بڑے غیرملکی کرکٹر ایکشن میں نظر آ رہے ہیں۔ ان میں کولن منرو، ایلکس ہیلز، جیمز ونس، ٹم سیفرٹ، تبریز شمسی، شائے ہوپ، ڈیوڈ مالان، ڈیوڈ ولی، جیسن رائے، رائلی روسو اور ٹام کوہلر کیڈمور جیسے نمایاں کھلاڑی شامل ہیں۔

کولن منرو پی ایس ایل 9 میں اسلام یونائیٹڈ کے سکواڈ کا حصہ ہیں ( فائل فوٹو: پی ایس ایل)

کولن منرو

جنوبی افریقہ میں پیدا ہونے والے 36 سالہ کولن منرو کا شمار نیوزی لینڈ کے جارحانہ بیٹرز میں ہوتا ہے۔ بائیں بازو کے بلے باز منرو نے اب تک 418 ٹی20 میچز میں 10 ہزار 635 رنز بنائے ہیں۔
کولن منرو کا شمار پاکستان سپر لیگ کی ڈائمنڈ کیٹیگری کے کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جو 60 سے 80 ہزار امریکی ڈالر معاوضہ وصول کرتے ہیں.
ان پر پاکستان سپر لیگ کے قوائد و ضوابط کی خلاف ورزی پہ جرمانہ بھی عائد کیا جا چکا ہے۔ کولن منرو نے پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن میں پشاور زلمی کے سلمان ارشاد کی گیند پر آؤٹ ہونے کے بعد بلا وکٹوں پر دے مارا تھا۔ اس پر ان کے میچ کے معاوضے سے 10 فیصد جرمانے کے طور پہ کٹوتی کی گئی تھی۔
وہ اسلام آباد ہونائیٹڈ سے پہلے کراچی کنگز کا حصہ رہے ہیں۔ منرو انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں ممبئی انڈینز، دہلی کیپیٹل اور کلکتہ نائٹ رائڈرز کی طرف سے بھی کھیل چکے ہیں. کولن منرو نے اب تک پی ایس ایل کے 38 میچز میں نو نصف سینچریوں کی مدد سے ایک ہزار 96 رنز بنائے ہیں۔

الیکس ہیلز پاکستان سپر لیگ کی پلاٹینم کیٹگری کے کھلاڑی ہیں (فائل فوٹو: اسلام آباد یونائیٹڈ)

الیکس ہیلز

برطانیہ سے تعلق رکھنے 35 سالہ دائیں بازو کے بلے باز الیکس ہیلز نے اپنے ٹی20 کیریئر میں 438 میچوں میں 12 ہزار 149 رنز بنائے ہیں۔ 
ہیلز پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن میں اسلام آباد ہونائیٹڈ کا حصہ ہیں۔ ماضی میں وہ اسلام آباد ہونائیٹڈ اور کراچی کنگز کی طرف سے بھی کھیل چکے ہیں۔
الیکس ہیلز پاکستان سپر لیگ کی پلاٹینم کیٹگری کے کھلاڑیوں میں سے ہیں اور ایک لاکھ 70 ہزار امریکی ڈالر معاوضہ وصول کرتے ہیں۔
پلاٹینم کیٹیگری پی ایس ایل کی سب سے مہنگی درجہ بندی ہے جس میں شامل کھلاڑی ایک لاکھ 30 ہزار سے ایک لاکھ 70 ہزار امریکی ڈالر تک معاوضہ وصول کرتے ہیں.
ایلکس ہیلز کی پاکستانی شائقین کرکٹ میں ایک وجہ شہرت یہ بھی ہے کہ انہوں نے سنہ 2023 میں ہونے والے برطانیہ کے دورہ بنگلہ دیش کو چھوڑ کر پی ایس ایل میں خصوصی شرکت کی تھی۔ وہ پی ایس ایل کے 35 میچوں میں کھیل پیش کر چکے ہیں.

جیمز ونس

32 سالہ جیمز ونس کا شمار دنیائے کرکٹ کے اچھے بیٹرز میں ہوتا ہے۔ انگلش کرکٹر جیمز ونس اس ایڈیشن میں کراچی کنگز میں شامل ہیں جبکہ اس سے قبل وہ ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈیٹرز میں بھی رہ چکے ہیں۔
گذشتہ برس دسمبر میں ہونے والے پی ایس ایل ڈرافٹ میں جیمز ونس 85 ہزار امریکی ڈالر کے عوض کراچی کنگز کا حصہ بنے تھے۔
انہوں نے اپنے ٹی20 کیرئیر میں 369 میچز کھیل کر 10 ہزار 179 رنز بنائے ہیں۔ وہ پی ایس ایل میں 18 میچز کھیل چکے ہیں۔ 

ٹم سیفرٹ اس سے قبل نیوزی لینڈ کی انڈر 19 ٹیم حصہ رہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ٹم سیفرٹ

دنیائے کرکٹ میں نیوزی لینڈ ٹیم کے وکٹ کیپر کی حیثیت سے پہچانے جانے والے ٹم سیفرٹ اب کی بار کراچی کنگز کا حصہ ہیں۔
انہوں نے سنہ 2018 میں کرکٹ کی شروعات کی تھی۔ 29 سالہ سیفرٹ اس سے قبل نیوزی لینڈ کی انڈر19 ٹیم کا بھی حصہ رہے ہیں۔
سیفرٹ نے اب تک 56 ٹی20 کرکٹ مقابلوں میں حصہ لے کر 1204 رنز بنا چکے ہیں۔ آئی سی سی ٹی20 رینکنگ می ان کا 21 واں نمبر ہے۔ پاکستان سپر لیگ میں وہ ڈائمنڈ کٹیگری میں شامل ہیں۔

تبریز شمسی پی ایس ایل کے نویں ایڈیسن میں کراچی کنگز کے سکواڈ کا حصہ ہیں ( فائل فوٹو : اے ایف پی)

تبریز شمسی

جنوبی افریقہ کے مسلمان کرکٹر تبریز شمسی پی ایس ایل 9 میں کراچی کنگز کا حصہ تو ہیں لیکن اپنی مصروفیات کے باعث پی ایس ایل نویں ایڈیشن کے صرف پہلے چھ میچز ہی کھیل پائیں گے۔
تبریز شمسی لیفٹ آرم سپنر ہیں۔ انہوں نے اب تک 242 ٹی20 میچز میں 84 رنز بنائے بطور باولر 279 وکٹیں حاصل کیں۔
تبریز شمسی پاکستان سپر لیگ کی سپلیمنٹری کیٹیگری  میں شامل ہیں۔ اس درجہ بندی کے کھلاڑیوں کو 50 ہزار امریکی ڈالر معاوضہ دیا جاتا ہے۔ ماضی میں دورہ پاکستان کے موقع پر تبریز کی ایکس (سابقہ ٹوئٹر) ویڈیو پوسٹ کو پاکستانی سوشل میڈیا صارفین میں کافی پزیرائی ملی۔ اس میں غیرملکی کھلاڑیوں کو سکیورٹی فراہم کرنے والے سکواڈ کی تعریف کی گئی تھی۔

ریلی روسو سرفراز احمد کی جگہ ٹیم کے نئے کپتان ہیں ( فائل فوٹو : اے ایف پی)

ریلی روسو

ریلی روسو کوئٹہ گلیڈیٹرز کے نئے کپتان ہیں اور پاکستان سپر لیگ کے مہنگے ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔
ریلی کو آٹھ برس تک کپتان رہنے والے سرفراز احمد کی جگہ نیا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ آئی سی سی کی ٹی20 رینکنگ میں ان کا پانچواں نمبر ہے۔
ریلی روسو پاکستان سپر لیگ کی پلاٹینم کیٹگری میں شامل ہیں۔ کوئٹہ گلیڈیٹرز کی انتظامیہ اور کرکٹ پرستار ان سے ٹیم کو فائنل تک پہنچانے کی امید لگائے ہوئے ہیں۔

شائے ہوپ پی ایس ایل کی سپلیمنٹری کٹیگری سے ہیں ( فائل فوٹو: اے ایف پی)

شائے ہوپ

شائے ہوپ ویسٹ انڈیز ٹیم کے دائیں بازو کے بلے باز اور وکٹ کیپر کے طور پہ جانے جاتے ہیں۔ شائے دفاعی چیمپین لاہور قلندرز کا حصہ ہیں۔
وہ پی ایس ایل کی سپلیمنٹری کٹیگری میں شامل ہیں۔

ڈیویڈ ولے کا شمار پی ایس ایل کے مہنگے ترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ڈیوڈ ولے

پی ایس ایل سیزن 9 میں ملتان سلطان کا حصہ بننے والے ڈیوڈ ولے لیگ کے سب سے مہنگے ترین کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔
ولے نے پی ایس ایل کے نو میچز کھیلے ہیں۔ وہ پلاٹینیم کیٹگری میں شامل ہیں۔

جینس رائے پی ایس ایل کے 21 میچ کھیل چکے ہیں ( فائل فوٹو: اے ایف پی)

جیسن رائے

دائیں بازو کے انگلش کرکٹر جیسن رائے جارحانہ اوپنگ بلے باز کے طور پہ مشہور ہیں۔ وہ پی ایس ایل کے موجودہ سیزن میں کوئٹہ گلیڈیٹرز کا حصہ ہیں۔
جیسن رائے ماضی میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز میں بھی رہ چکے ہیں۔ جیسن نے پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے زیادہ انفرادی سکور 145 رنز بھی بنا چکے ہیں۔ وہ پاکستان سپر لیگ کی ڈائمنڈ کیٹگری میں شامل ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ پی سی بی کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق 22 ممالک سے 485 عالمی کھلاڑیوں کو پی ایس ایل سیزن 9 کے لیے رجسٹرڈ کیا گیا ہے۔ ان میں سے 46 کو سب سے مہنگی پلاٹینم کیٹگری'جبکہ 76 کو ڈائمنڈ میں رکھا گیا ہے۔
غیرملکی کھلاڑیوں کی سب سے زیادہ 158 تعداد برطانوی کھلاڑیوں کی ہے جبکہ دوسرے نمبر پہ 58 کھلاڑی ویسٹ انڈیز سے رجسٹرڈ کیے گئے ہیں۔
اسی طرح سے سری لنکا سے 40، افغانستان سے 36، جنوبی افریقہ سے 30، بنگلہ دیش سے 21، نیوزی لینڈ سے 18، آسٹریلیا سے 16، زمبابوے سے 11 اور آئرلینڈ سے نو کھلاڑیوں کو پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے لیے رجسٹرڈ کیا گیا ہے۔

شیئر: