Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 9: ’سیٹی بجے گی، سٹیج سجے گا، کھیل جمے گا‘

کپتان شاہین آفریدی لاہور قلندرز کو مسلسل دو مرتبہ ٹرافی جتوانے میں کامیاب رہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ کے میدان صحرا کا منظر پیش کر رہے تھے، کرکٹ فینز کے چہروں پر مایوسی چھائی ہوئی تھی، غیر ملکی ٹیمیں پاکستان آنے کو تیار نہ تھیں کہ اچانک سٹی بجی، میدان سجا اور کھیل جما۔ 
سنہ 2017 میں پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہوا اور پاکستان پر کئی برسوں سے بند بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کُھل گئے، رونقیں لوٹ آئیں اور کرکٹ فینز کے چہروں سے مایوسی چھٹ گئی۔  
یہ فیصلہ کرنا شاید آسان نہیں کہ پاکستان کرکٹ میں پی ایس ایل کی زیادہ بڑی کنٹری بیوشن کیا ہے؟ نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا یا پھر کرکٹ کے میدانوں کو دوبارہ آباد کرنا؟ 
پی ایس ایل اور تین بڑے سٹارز 
پاکستان سُپر لیگ کی خاص بات ایمرجنگ کرکٹرز کی کیٹیگری ہے۔ پی ایس ایل انتظامیہ نے پہلے ہی ایڈیشن سے ہر فرنچائز کو پابند کیا کہ پلیئنگ الیون میں ایک نوجوان کھلاڑی ضرور شامل ہو گا۔ 
یوں جونیئر لیول پر اُبھرتے ہوئے کرکٹرز کو دنیا کے بڑے ناموں کے ساتھ کھیلنے، ڈریسنگ روم شیئر کرنے اور کراؤڈ پریشر کا مقابلہ کرنے کا موقعہ ملا۔ 
لیگ سپنر شاداب خان کو بلاشبہ پی ایس ایل کا پہلا سٹار کہا جا سکتا ہے۔ فاسٹ بولر حارث رؤف جو مقامی سطح پر ٹیپ بال کرکٹ میں صلاحیتوں کے جوہر دِکھا رہے تھے اُنہیں پی ایس ایل فرنچائز لاہور قلندرز نے دریافت کیا۔ 
آج حارث رؤف صرف پاکستان کرکٹ نہیں بلکہ دنیا بھر کی ٹی20 لیگز کی ضرورت ہیں۔
ٹی20 کرکٹ میں پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کو بطور فاسٹ بولر اور کپتان گروم کرنے میں پی ایس ایل کا بنیادی کردار ہے۔ 
لاہور قلندرز نے اُنہیں نہ صرف نہایت کم عمری میں بطور بولر چُنا بلکہ کپتانی کا موقعہ بھی دیا اور وہ قلندرز کو پہلی بار ٹرافی جتوانے میں کامیاب رہے۔
کراچی کنگز بمقابلہ لاہور قلندرز
اگر بین الاقوامی کرکٹ میں ایشز اور پاک انڈیا ٹاکرے پر سب کی نظریں ہوتی ہیں تو پاکستان سُپر لیگ میں سب سے زیادہ دیکھا جانے والا میچ روایتی حریفوں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کا ہوتا ہے۔ 

پی ایس ایل میں سب سے زیادہ دیکھا جانے والا میچ روایتی حریفوں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کا ہوتا ہے (فائل فوٹو: پی ایس ایل)

یہ میچ بالکل اسی طرح ہے جیسے سپینش فٹ بال لیگ میں ریال میڈرڈ اور بارسلونا کے درمیان مقابلہ۔ پی ایس ایل نائن میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان میچز 24 فروری اور 9 مارچ کو کھیلے جائیں گے۔ 
کراچی کنگز نئے رُوپ میں
کراچی کنگز اس بار نئے کپتان کے ساتھ میدان میں اُترے گی۔ پی ایس ایل سیون اور ایٹ میں کراچی کنگز کی کارکردگی نہایت مایوس کن رہی تھی۔ 
یوں بالترتیب بابر اعظم اور عماد وسیم کو کپتانی سے ہاتھ دھونا پڑا۔ اس بار فاسٹ بولر محمد عامر اور اوپننگ بلے باز شرجیل خان بھی کراچی کنگز کا حصہ نہیں بن سکے۔ 
شان مسعود کراچی کنگز کی قیادت کریں گے۔ حسن علی پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے بعد رواں سیزن میں کراچی کنگز کی نمائندگی کریں گے۔ 
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نئے کپتان اور نئی ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سرفراز احمد پی ایس ایل کے سب سے زیادہ میچز میں قیادت کرنے والے کپتان تھے، ٹیم کو ٹرافی بھی جتوائی مگر پی ایس ایل کے پہلے چار سیزن میں متاثرکن کھیل پیش کرنے والی یہ فرنچائز اگلے چار سیزن میں مکمل طور پر ناکام رہی۔

سرفراز احمد کی کپتانی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی مجموعی کارکردگی مایوس کن رہی (فائل فوٹو: پی ایس ایل)

سرفراز احمد کی قیادت، فارم اور فٹنس پر بھی سوالات اُٹھے۔ ٹیم اونر ندیم عمر نے حالیہ دنوں میں سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کا اِشارہ دیا تھا، یوں سرفراز احمد کو کپتانی چھوڑنا پڑی۔ 
پی ایس ایل نائن کے لیے رائلی روسو کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ معین خان کی جگہ اب شین واٹسن ٹیم کے کوچ ہوں گے، شان ٹیٹ کو بولنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ 
پی ایس ایل 9 کے میچز کہاں کہاں ہوں گے؟
17 فروری سے شروع ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے۔ یہ میچز کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں ہوں گے۔ 
کراچی کو 11 میچز کی میزبانی ملی ہے۔ لاہور اور راولپنڈی نو، نو میچز کی میزبانی کریں گے۔ ملتان میں پانچ میچز کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 18 مارچ کو ہو گا۔
پی ایس ایل 9 میں بڑے غیرملکی نام کون سے؟
پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن میں بھی کئی بڑے غیرملکی ستارے ایکشن میں نظر آئیں گے۔ ان میں کولن منرو، ایلکس ہیلز، جیمز ونس، ٹم سیفرٹ، تبریز شمسی، شائے ہوپ، ڈیوڈ مالان، ڈیوڈ ولی، جیسن رائے، رائلی روسو اور ٹام کوہلر کیڈمور جیسے نمایاں کھلاڑی شامل ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن میں بھی کئی بڑے غیرملکی ستارے ایکشن میں نظر آئیں گے (فائل فوٹو: پی ایس ایل)

پی ایس ایل ریکارڈ بُک پر ایک نظر 
اگر ریکارڈ بُک پر نظر ڈالی جائے تو بابر اعظم پاکستان سُپر لیگ کے کامیاب ترین بلے باز ہیں، انہوں نے 79 میچز میں دو ہزار 935 رنز بنا رکھے ہیں۔ 
سب سے زیادہ 100 چھکے لگانے کا اعزاز فخر زمان کے پاس ہے۔ 145 رنز کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے کا اعزاز جیسن روئے کا ہے۔ 
وہاب ریاض 88 میچز میں 113 وکٹوں کے ساتھ کامیاب ترین بولر رہے۔ میچ میں بہترین بولنگ کا اعزاز روی بوپارہ کا ہے جنہوں نے 2016 میں 16 رنز دے کر چھ شکار کیے۔
پھر سیٹی بجے گی
پاکستان سُپر لیگ کے ابتدائی تین ایڈیشنز میں گلوکار علی ظفر کے گائے ہوئے گانے بے حد مقبول ہوئے۔ ’اب کھیل جمے گا‘ پی ایس ایل کی شناخت بنا مگر بعد میں ہونے والے ایڈیشنز میں پیش کیے گئے ترانے شائقین کی توجہ حاصل نہ کرسکے اور پی ایس ایل انتظامیہ کو سخت تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ 
پی ایس ایل انتظامیہ نے ایک بار پھر نویں ایڈیشن کے لیے علی ظفر کی خدمات حاصل کی ہیں۔ وہ آئمہ بیگ کے ساتھ مل کر گانا پیش کریں گے۔

شیئر: