Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 9: سرفراز احمد کی جگہ رائلی رُوسو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان مقرر

سرفراز احمد 2016 میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے پہلے سیزن سے ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان تھے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں سیزن کے لیے فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سرفراز احمد کی جگہ رائلی رُوسو کو کپتان مقرر کر دیا ہے۔
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک اِنفو‘ نے رپورٹ کیا ہے کہ 8 برسوں بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سرفراز احمد کی جگہ رائلی رُوسو کو ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا ہے جبکہ سعود شکیل کو ٹیم کا نائب کپتان بنایا گیا ہے۔
کرک اِنفو کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم گزشتہ کچھ ماہ سے کپتان کو تبدیل کرنے کا سوچ رہی تھی جس میں رائلی رُوسو اور سعود شکیل مضبوط امیدوار تھے تاہم اس کے باجود گزشتہ برس دسمبر میں ہونے والے پی ایس ایل ڈرافٹ میں سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
صرف یہ ہی نہیں، منگل کو لاہور میں منعقدہ پی ایس ایل ٹرافی کی رونمائی کی تقریب میں سرفراز احمد نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بطور کپتان ہی نمائندگی کی۔
کرک اِنفو نے مزید دعویٰ کیا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نئے ہیڈ کوچ شین واٹسن نے ٹیم کے کپتان کی تبدیلی کے بارے میں رائے دی جس کے بعد ٹیم کے سٹاف نے بھی اس بات کی تائید کی۔
دوسری جانب رائلی رُوسو کسی بھی پروفیشنل ٹی20 ٹورنامنٹ میں پہلی مرتبہ کسی بھی ٹیم کی کپتانی کریں گے۔
جنوبی افریقی سپرسٹار 2017، 2018 اور 2019 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کر چکے ہیں تاہم 2020 میں وہ گلیڈی ایٹرز سے ملتان سلطانز میں چلے گئے تھے۔
 
خیال رہے سرفراز احمد 2016 میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے پہلے سیزن سے ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان تھے۔
اُن کی کپتانی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 2019 میں پی ایس ایل ٹائٹل اپنے نام کیا۔
دوسری جانب پی ایس ایل کے نویں سیزن کا آغاز 17 فروری سے ہوگا۔
ایونٹ کے پہلے میچ میں دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں قذافی سٹیڈیم لاہور میں آمنے سامنے آئیں گی۔

شیئر: