روڈ انفراسٹرکچر کوالٹی انڈیکس میں سعودی عرب چوتھے نمبر پر
اتوار 18 فروری 2024 15:39
’سعودی عرب کو بلند سے بلند تر کرنے کے لیے سڑکوں کی کوالٹی کو مزید بہتر بنایا جائے گا‘ (فوٹو: سبق)
روڈ انفراسٹرکچر کوالٹی انڈیکس میں سعودی عرب جی 20 ممالک میں چوتھے نمبر پر ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انٹرنیشنل اکنامک فورم 2023 کی رپورٹ میں سعودی عرب کو جی 20 ممالک میں بہتر پوزیشن حاصل ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ گلوبل روڈ انفراسٹرکچر کوالٹی انڈیکس سب سے اہم اشاریوں میں سے ایک ہے جو سڑک کی کارکردگی اور صارف کی حفاظت کے تحت معیار کی سطح کی پیمائش کرتا ہے۔
اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ و لاجسٹک سپورٹ انجینئر صالح بن ناصر الجاسر نے کہا ہے کہ ’جی 20 ممالک میں سعودی عرب کوروڈانفراسٹرکچر انڈیکس میں جو مقام ملا ہے یہ دراصل حکومت کی سپورٹ اور روڈ انفراسٹرکچر کے شعبے میں کام کرنے والے اداروں کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب کو عالمی معیار میں بلند سے بلند تر کرنے کے لیے سڑکوں کی کوالٹی کو مزید بہتر بنایا جائے گا‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب میں صارف کی سلامتی اور سڑکوں کے معیارکے ساتھ بنیادی ڈھانچے پر بھی کام ہوتا ہے تاکہ روڈ انفراسٹرکچر کے شعبے میں وژن 2030 کے مطابق ڈھالا جائے‘۔
دوسری طرف جنرل اتھارٹی برائے روڈ کے سربراہ انجینئر بدر بن عبد اللہ الدلامی نے کہا ہے کہ ’2023 کے دوران ٹراسپورٹ کے شعبے میں بڑی ترقی ہوئی ہے جن کے تحت کئی اہم اور بنیادی منصوبے تکمیل ہوئے ہیں‘۔