پاکستان میں تین روز کے بعد موبائل انٹرنیٹ سروس اور سوشل میڈیا ایپس بحال
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز یوٹیوب، فیس بک اور ٹوئٹر کو بھی بحال کر دیا گیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا ہے کہ وزارت اطلاعات کی ہدایت پر ملک میں موبائل انٹرنیٹ سروس بحال کر دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز یوٹیوب، فیس بک اور ٹوئٹر کو بھی بحال کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اسلام آباد میں گرفتاری کے بعد حکومت نے ملک میں موبائل انٹرنیٹ سروس اور سوشل میڈیا ایپس کو بند کر دیا تھا۔
موبائل انٹرنیٹ کی بندش سے پاکستان میں آن لائن کاروبار متاثر ہوا۔
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال میں براڈ بینڈ اور موبائل فون انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا سائٹس تو بند کی گئیں تاہم لینڈ لائن انٹرنیٹ محدود رفتار سے چلتا رہا۔
صارفین لینڈ لائن انٹرنیٹ سے سوشل میڈیا سائٹس تک رسائی کے لیے ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) کا سہارا لے رہے تھے۔
گزشتہ دو دنوں میں پاکستان میں وی پی این کی مانگ میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
دنیا بھر میں وی پی این کے استعمال پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ٹاپ ٹین وی پی این کی رپورٹ مطابق 10 مئی تک پاکستان میں وی پی این کی مانگ میں 1329 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نو مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد جب سوشل میڈیا سائٹس بند کی گئیں تو ایک دم سے وی پی این کے استعمال کی اوسط شرح میں 311 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔