Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان تحریک انصاف کا سنی اتحاد کونسل سے اتحاد کا متفقہ فیصلہ

سنی اتحاد کونسل میں شمولیت سے پی ٹی آئی کو خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستیں مل سکتی ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے آزاد اراکین اب مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے بجائے سنی اتحاد کونسل کے پلیٹ فارم سے اسمبلیوں کا حصہ بنیں گے۔ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف نے ایم ڈبلیو ایم سے اتحاد کا فیصلہ کیا تھا
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما رؤف حسن نے بتایا کہ ’سنی اتحاد کونسل سے اتحاد کا متفقہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ جلد اس کا باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا۔‘
پاکستان تحریک انصاف کے اعلٰی عہدیداران کے مطابق ’پی ٹی آئی پنجاب اور وفاق میں مجلس وحدت المسلمین کے بجائے سنی اتحاد کونسل سے اتحاد کرے گی۔ مرکز اور پنجاب میں سنی اتحاد کونسل سے ہی مل کر حکومت بنانے کے لیے کوششیں کی جائیں گی۔‘
’اتحاد کے سلسلے میں پی ٹی آئی کے منتخب اراکین اسمبلی سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوں گے۔ وفاق اور پنجاب دونوں جگہ یہی حکمت عملی اپنائی جائے گی۔‘
پاکستان تحریک انصاف کے آزاد اراکین کی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت سے پی ٹی آئی کو خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستیں مل سکتی ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنماؤں نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’سنی اتحاد کونسل میں شمولیت سے قبل پی ٹی آئی کے آزاد اراکین اسمبلی سے بیان حلفی لیا جا رہا ہے تاکہ وہ اپنی وفاداریاں تبدیل نہ کر سکیں۔‘
سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے عام انتخابات میں اپنی نشست پر کامیابی حاصل کی ہے۔ انہیں پاکستان تحریک انصاف کی حمایت حاصل تھی۔ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے۔
سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے پی ٹی آئی سے اتحاد کے معاملات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق، پنجاب اور دیگر صوبوں میں پی ٹی آئی سے اتحاد کے معاملات طے پا چکے ہیں۔
نجی چینل سے گفتگو میں صاحبزادہ حامد رضا نے بتایا کہ ’پی ٹی آئی اب سنی اتحاد کونسل سے اتحاد کرے گی۔ مرکز، پنجاب، خیبر پختونخوا سمیت بقیہ صوبوں میں بھی پی ٹی آئی سے اتحاد کے لیے تیار ہیں۔‘
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف اور سنی اتحاد اتحاد کونسل کے درمیان اتحاد کے معاملات کو حتمی شکل دینے کے لیے آج اتوار کو اسلام آباد میں دونوں جماعتوں کے قائدین کے درمیان ملاقات ہو گی۔
اس سلسے میں سنی اتحاد کونسل کے سربراہ حامد رضا اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔ ملاقات میں آزاد اراکین کے سنی اتحاد کونسل میں شامل ہونے کے حوالے سے گفتگو ہو گی۔ اس حوالے سے کاغذی کارروائی پہلے ہی مکمل کی جا چکی ہے۔

شیئر: