سرکاری ملازمین کی وفاداریاں پُرتشدد گینگ کی طرف کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جارہا ہے: وزیراعظم
وزیراعظم نے کہا کہ یہ ہتھکنڈے آرٹیکل 5 سمیت آئین کے دیگر آرٹیکلز اور ملکی قوانین کی صریحا خلاف ورزی ہیں۔ (فوٹو: اے پی پی)
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام نے 8 فروری کو حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے منقسم مینڈیٹ دیا ہے۔
پیر کو وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پرتشدد رویے کا ثابت شدہ ریکارڈ رکھنے والے بعض عناصر سوشل میڈیا کو بلیک میلنگ کے لیے ہتھیار کے طور پر اپنانے سمیت اب مختلف ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔
’سرکاری ملازمین کی وفاداریاں ریاست پاکستان سے ہٹا کر پرتشدد گینگ کی طرف کرنے کے لیے دباؤ کے حربے استعمال کر رہے ہیں۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ یہ ہتھکنڈے آرٹیکل 5 سمیت آئین کے دیگر آرٹیکلز اور ملکی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہیں۔
’ریاست پاکستان اپنے آئینی فرائض کی انجام دہی میں سرکاری ملازمین کا دفاع کرے گی اور ان پرتشدد ٹرولز کے خلاف کارروائی کرے گی اور ان کو مثالی سزا دلائے گی۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور ریاست کی خدمت کرنے والے ان عظیم سرکاری ملازمین کے دفاع کے لیے ہمارے عزم میں کوئی شک و شبہ نہیں ہونا چاہئے۔