Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نمبرز پورے، شہباز شریف وزیراعظم اور آصف زرداری صدر ہوں گے: بلاول بھٹو

پریس کانفرنس میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے سرکردہ رہنما موجود تھے (فائل فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ’ملک کو اس بحران سے نکالنے کے لیے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن حکومت بنانے جا رہے ہیں۔‘
بلا ول بھٹو زرداری نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب زرداری ہاؤس اسلام  آباد میں آصف علی زرداری اور شہباز شریف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’سنی اتحاد کونسل کے پاس حکومت بنانے کے لیے نمبرز پورے نہیں تھے۔ اس لیے ہم حکومت بنا رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’امید ہے شہباز شریف ایک مرتبہ پھر پاکستان کے وزیراعظم بنیں گے۔ ‘ بلاول بھٹو نے نئے چیئرمین سینیٹ اور سپیکر اسمبلی کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ’ اس کے ہم نے فیصلے کر دیے ہیں، ان کا اعلان بعد میں کریں گے۔‘
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ ’ہمارا ارادہ تھا کہ آزاد امیدوار کے پاس اگر تعداد پوری ہے تو وہ حکومت بنائیں تو یہ اپوزیشن میں بیٹھ کر اپنا کردار ادا کریں گے، لیکن ان کے پاس مطلوبہ تعداد نہیں ہے۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ ’ہم نے متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ صدر مملکت کے آصف علی زرداری کا نام پیش کریں گے۔‘
شہباز شریف نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’پیپلز پارٹی نے کوئی وزارتیں نہیں مانگیں۔ سیاسی جماعتوں کے اختلافات ہوتے ہیں لیکن ہم اتفاق رائے قائم کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔‘
اس موقعے پر آصف علی زرداری نے مختصر گفتگو کی اور کہا کہ ’ہماری جستجو پاکستان کی آنے والی نسلوں کے لیے ہیں، ہم اسی لیے ملے ہیں۔‘
قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور نامزد وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات ہوئی۔
دونوں سیاسی جماعتوں کے وفود کے درمیان یہ ملاقات منگل کو اسلام آباد میں سینیٹر اسحاق ڈار کی رہائش گاہ پر ہوئی۔
اس ملاقات میں مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کے سرکردہ رہنما بھی شامل تھے۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان حکومت سازی کے لیے مشاورت کے سلسلے میں کئی ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔

شیئر: