پنجاب اسمبلی کے مزید دو آزاد ارکان ن لیگ میں شامل
پنجاب اسمبلی کے دو مزید آزاد ارکان پاکستان مسلم لیگ ن مین شامل ہوگئے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے اعلامیے کے مطابق پی پی 180 قصور سے کامیاب احسن رضاخان اور پی پی 128جھنگ سے کرنل (ر) غضنفر قریشی مریم نواز سے ملاقات کرکے مسلم لیگ ن میں شامل ہوگئے ہیں۔
بیان کے مطابق مریم نوازشریف کا احسن رضاخان اور کرنل (ر)غضنفر قریشی کے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا خیرمقدم کر دیا۔
’حلقے کے عوام اور سپورٹرز کی مشاورت سے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔‘
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نوازشریف نے کہا کہ آپ کی حمایت ملک کو تباہی سے ترقی کی طرف واپس لائے گی۔
’انتشار ختم کرکے پاکستان کو استحکام کی طرف لیجانا چاہتے ہیں۔ پنجاب کی ترقی اور عوام کو ریلیف دینے کی جامع حکمت عملی تیار کرلی ہے۔‘
اسلام آباد ہائی کورٹ کا ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن کی گرفتاری کا حکم
اسلام آباد ہائی کورٹ میں شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار خان کی غیرقانونی گرفتاریوں کے معاملے پر ڈی سی اسلام آباد عدالت میں پیش نہ ہوئے۔
عدالت نے ڈی سی کی استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے چاروں صوبوں کے آئی جیز کو حکم دیا کہ ڈی سی اسلام آباد جہاں ملیں انہیں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔
ایس ایس پی آپریشنز ملک جمیل ظفر اور ایس پی صدر فاروق بُٹر وکلا کے ساتھ عدالت کے سامنے پیش ہوئے، تاہم ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن عدالت کے سامنے پیش نہ ہوئے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے وکیل نے عاالت کو بتایا کہ ’ڈی سی نے والدہ کے ساتھ عمرے پر جانا ہے۔‘
اس پر جسٹس بابر ستار نے کہا کہ ’عدالت کو بتائے بغیر ڈی سی بیرون ملک چلے گئے؟‘
اس کے بعد عدم حاضری پر عدالت نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کو بلوچستان اسمبلی کی دو نشستیں مل گئیں
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے بلوچستان اسمبلی کے دو نومنتخب آزاد ارکان اسمبلی نے منگل کو لاہور میں ملاقات کی۔
مسلم لیگ ن کے مطابق شہباز شریف سے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 41 اور پی بی 51 سے الیکشن جیتنے والے آزاد امیدواروں ولی محمد اور عبدالخالق خان نے لاہور میں ملاقات کی اور پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
اس موقع پر پارٹی کے صوبائی صدر جعفر خان مندوخیل اور پارٹی رہنما جمال شاہ کاکڑ بھی موجود تھے۔
شہباز شریف نے ولی محمد اور عبد الخالق خان کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر مبارک دی اور ان کا خیرمقدم کیا۔
بلاول بھٹو زرداری سے نومنتخب رکن پنجاب اسمبلی انعام باری کی ملاقات، پارٹی میں شامل
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پی پی 238 بہاول نگر سے نومنتخب آزاد رکن پنجاب اسمبلی انعام باری نے ملاقات کی اور پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
اس موقع پر پی پی پی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم احمد محمود بھی موجود تھے۔
الیکشن کے بعد ٹھہراؤ آتا ہے لیکن ہمارے ہاں ایسا نہیں ہوتا: سینیٹر عرفان صدیقی
پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ پانچ دس سیٹیں ادھر ادھر ہوئی ہوں جو ہر انتخابات میں ہوتا ہے۔
منگل کو ڈپٹی چیئرمین محمد آفریدی کی سربراہی میں سینیٹ کا اجلاس ہوا جس ممیں آٹھ فروری کے انتخابات پر سینیٹرز نے بحث کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ اس میں دو رائے نہیں کہ ہمارے ہاں انتخابات کی تاریخ خوشگوار نہیں ہے۔
’ایک الیکشن ملک توڑ دیتا ہے اور دوسرا مارشل کا تحفہ دے دیتا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ 1970 میں اکثریت کا فیصلہ تسلیم نہ ہوا اور ملک ٹوٹ گیا اور 1977 میں الیکشن میں دھاندلی کا شور اٹھا اور نتیجے میں 11 سال مارشل کا تحفہ ملا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کے بعد ٹھہراؤ آتا ہے لیکن ہمارے ہاں ایسا نہیں ہوتا۔ ’2018 میں چار دن بعد الیکشن نتائج کا اعلان ہوا۔ اس وقت کا نعرہ 35 پنکچر تھا اور آج کا فارم 45۔‘
الیکشن کمیشن معافی مانگے اور چیف الیکشن کمشنر مستعفی ہوں: سینیٹر مشتاق احمد خان
جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان نے چیف الیکشن کمشنر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
منگل کو سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر مشتاق نے کہا ہے کہ الیکشن کے دن انٹرنیٹ سروس بند کرنے سے معلوم ہوا کہ الیکشن صاف اور شفاف نہیں۔
’الیکشن کمیشن معافی مانگے اور چیف الیکشن کمشنر مستعفی ہوں۔ قوم کا جو 50 ارب روپے اس الیکشن پر خرچ ہوا ہے وہ واپس وصول کیا جائے۔‘
انہوں ایک بااختیار عدالتی کمیشن کی تشکیل کا مطالبہ بھی کیا۔
’بااختیار عدالتی کمیشن قائم کیا جائے جو چاروں صوبوں اور پورے ملک میں فارم 45 کے حوالے سے تحقیقات کرے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چار دنوں سے پاکستان میں ٹوئٹر بند ہے اور یہ اس لیے بند ہے کہ دھاندلی ہوئی ہے اور آپ خوفزدہ ہیں۔
’بلوچستان میں ڈیڑھ ارب روپے میں تین نشستوں کا سودا ہوا‘
پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سینیٹر شفیق ترین نے کہا ہے کہ عوام کا مینڈیٹ چرایا گیا ہے۔ دھاندلی کی انکوائری کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ڈیڑھ ارب روپے میں تین نشستوں کا سودا ہوا، اس کی تحقیقات کی جائے۔
سینیٹر شفیق نے کہا کہ چمن میں تین مہینے سے دھرنا جاری ہے اور ہماری پارٹی کو اس لیے ہرایا گیا کہ ہم نے دھرنے کی حمایت کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا اختیار نہیں تھا جن لوگوں نے الیکشن کروائے سارا اختیار ہی ان کا تھا۔
انتخابات میں پاکستان کی عوام نے صاف فیصلہ دیا ہے، سینیٹر علی ظفر
سینیٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ انتخابات میں پاکستان کی عوام نے صاف فیصلہ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی مانے یا نہ مانے عوام نے فیصلہ بانی چیئرمین تحریک انصاف کے حق میں دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے امیدواروں کو کمپین نہیں چلانے دی گئی، گرفتاریاں کی گئیں۔ الیکشن سے چند دن پہلے ہم سے ہمارا انتحابی نشان لیا گیا۔
مسلم لیگ ن کا ساتھ دیں گے مگر اپنی شرائط پر، بلاول بھٹو
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ اگر ’ہم نے مسلم لیگ ن کو ووٹ دینا ہے تو اپنی شرائط پر دیں گے مسلم لیگ ن کی شرائط پر نہیں۔
منگل کو اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے پی ٹی آئی کے حوالے سے کہا کہ اس کی غیرسنجیدگی سے جمہوریت کو نقصان ہو رہا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ قانون سازی کے لیے مسلم لیگ ن میرے پاس آئی ہے، پی ٹی آئی نہیں۔
بلاول بھٹو نے مولانا فضل الرحمان کے بدلے موقف کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دینے سے احتراز کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ان سے خود پوچھا جائے۔‘
ذوالفقار علی بھٹو صدارتی ریفرنس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ انہیں اس کیس میں انصاف ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ اس سے نہ صرف ماضی بلکہ مستقبل کو بھی بہتر بنایا جائے۔
23 فروری کو پنجاب کابینہ کا الوداعی اجلاس طلب
وزیراعلٰی پنجاب محسن نقوی نے 23 فروری کو صوبائی کابینہ کا الوداعی اجلاس طلب کر لیا۔
اجلاس میں تمام صوبائی وزرا، چیف سیکریٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سینیئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور تمام سیکریٹریز شرکت کریں گے۔