Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’راشد خان کی غیر موجودگی نے شاہین کی کپتانی کو بے نقاب کر دیا‘

اظہر علی نے نجی چینل پر گفتگو کے دوران کہا ’راشد خان کے جانے کے بعد لاہور قلندرز کی بولنگ مشکلات کا شکار ہے۔ (فوٹو: اظہر علی فیس بک)
پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور لاہور قلندرز کے سکواڈ کا حصہ رہنے والے کھلاڑی اظہر علی نے کہا ہے کہ افغان لیگ سپنر راشد خان کی لاہور قلندرز ٹیم میں عدم موجودگی کی وجہ سے شاہین آفریدی کی کپتانی بے نقاب ہو گئی ہے۔
نجی سپورٹس چینل پر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اظہر علی نے کہا کہ راشد خان کی غیرموجودگی کے بعد لاہور قلندرز کی بولنگ اور شاہین آفریدی کی کپتانی دونوں ہی ایکسپوز ہو چکے ہیں کیونکہ مڈل اوورز میں انہیں رنز روکنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
اظہر علی نے کہا کہ ’مجھے کہا گیا کہ راشد خان کے نہ ہونے پر زیادہ بات نہیں کرنی چاہیے مگر اب پتا لگ رہا ہے کہ میچ کے دوران مڈل اوورز میں راشد خان کتنے مفید تھے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملتان سلطانز کے خلاف میچ کے دوران افتخار احمد جب نئی بال کا سامنا کرنے آئے تو بالرز نے ان کو ٹانگوں پر بالز کروائیں جبکہ فائن لیگ کا فیلڈر اوپر تھا جس کی وجہ سے ٹیم نے رنز لیک کیے، بولرز اور کپتان کے درمیان کوئی ہم آہنگی دیکھنے میں نہیں آئی۔
اظہر علی کے مطابق ٹیم سے جب کوئی اہم کھلاڑی چلا جاتا ہے اس کے بعد محسوس ہوتا ہے کہ کپتانی کرنا کتنا مشکل ہے، یہی وجہ ہے کہ اس مشکل صورتحال میں شاہین آفریدی کی کپتانی بے نقاب ہوگئی۔
بدھ کے روز ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو شکست دیکر پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن میں مسلسل تیسری فتح حاصل کی تھی جب کہ دو مرتبہ کی دفاعی چیمپئن ٹیم لاہور قلندرز اب تک ایک بھی میچ جیتنے میں ناکام رہی۔

شیئر: