شارجہ میں بارہ سالہ لڑکا سڑک عبور کرتے ہوئے گاڑی کی ٹکر سے ہلاک
ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرکے کیس پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کیا گیا ہے
متحدہ عرب امارات شارجہ میں ٹریفک کے المناک حادثے میں ایک بارہ سالہ لڑکا گاڑی کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔
امارات الیوم کےمطابق حادثہ اولڈ ایکسپو انٹرچینج کے قریب اس وقت پیش آیا جب لڑکا ٹریفک سنگل پر سڑک عبور کررہا تھا۔
شارجہ پولیس کے کمانڈر انچیف میجر جنرل سیف الزاری الشمسی نے بتایا’ گاڑی کی زد میں آنے والے لڑکے کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔‘
انہوں نے بتایا’ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ٹریفک سنگل گاڑیوں کے لیے گرین اور پیدل چلنے والوں کے لیے ریڈ تھا۔‘
’اسی دوران ایک لڑکا بائیں جانب سے گاڑی کے سامنے آگیا۔ ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرکے کیس پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کیا گیا ہے۔‘
بیان میں مرنے والے لڑکے کی شناخت اور حادثے کے وقت کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا۔