ساتویں بین الاقوامی پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ مشق 2024 کی افتتاحی تقریب پبی میں منعقد
اتوار 25 فروری 2024 18:17
ساتویں بین الاقوامی پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ (پی اے ٹی ایس) مشق 2024 کی افتتاحی تقریب نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر (این سی ٹی سی) پبی میں منعقد ہوئی۔
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اتوار کو ڈائریکٹر جنرل ملٹری ٹریننگ نے 60 گھنٹے طویل پیٹرولنگ مشقوں کا افتتاح کیا جن کا مقصد پیچیدہ بین الاقوامی سکیورٹی ماحول میں عسکری تعاون کو بڑھانا ہے۔
بیس دوست ممالک بشمول عسکری مبصرین نے تقریب میں شرکت کی۔ شرکا میں پاکستان، بحرین، اردن، قازقستان، سعودی عرب، مالدیپ، مراکش، قطر، سری لنکا، تھائی لینڈ، ترکیہ، امریکہ اور ازبکستان شامل ہیں جبکہ آذربائیجان، بیلاروس، چین، میانمار، جرمنی، انڈونیشیا، جاپان اور عمان سے فوجی مبصرین شرکت کر رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ کے تحت ہر سال پاکستان میں عسکری مشقیں منعقد کی جاتی ہیں۔
ان مشقوں میں اعلٰی جسمانی فٹنس، ذہنی چستی، مضبوطی اور پیشہ ورانہ فوجی مہارت درکار ہوتی ہے تاکہ چیلنجنگ مشنز کے دوران مختلف حالات میں فوری فیصلہ کرنے کی صلاحیت پیدا ہو۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ مشق جدید خیالات اور باہمی بہترین طریقوں کے اشتراک کے ذریعے ایک دوسرے کے تعاون کے ساتھ کام کرنے اور فوجی صفات کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔