سیف السلام مشقوں کا مقصد جنگی استعداد کو بڑھانا ہے : ترجمان
’مشقوں میں مسلح افواج، وزارت داخلہ ،نیشنل گارڈ، پبلک پراسیکیوشن اور عسکری وسول سکیورٹی ادارے شرکت کررہے ہیں‘ ( فوٹو: واس)
سعودی عرب میں مشترکہ عسکری مشقیں ’سیف السلام 12‘ کا آغاز ہوچکا ہے جس میں سعودی مسلح افواج، وزارت داخلہ ،نیشنل گارڈ، پبلک پراسیکیوشن اور مختلف عسکری وسول سکیورٹی ادارے شرکت کررہے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی مطابق مشترکہ مشقوں کے ترجمان کیپٹن علی بن حسن آل علی نے بتایا ہے کہ ’سیف السلام مشترکہ عسکری مشقوں کا مقصد جوانوں کی جنگی استعداد کو بڑھانا ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’سکیورٹی ادارے فضائی حملے اور دفاعی فضائی کارروائیوں سمیت مختلف عسکری کارروائیوں میں حصہ لیں گے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’سٹریٹجک حملوں، روایتی اور غیر روایتی عسکری کارروائیوں، اہم تنصیبات، دیہات اور عمارتوں کو گھیر کر دشمن سے نمٹنے اور انہیں کلیئر کرنے کی ٹریننگ دی جائے گی‘۔
آل علی نے بتایا ہے کہ ’فیلڈ مشقیں پہلے مرحلے کے کامیاب انعقاد کے بعد شروع کی گئی ہیں جس میں تیاری، آپریشنل منصوبہ بندی، فوجی دستوں کی نقل وحرکت، اکیڈمک اور کنٹرول روم ٹریننگ کے مراحل شامل تھے‘۔
’بحری مشقیں بحیرہ احمر اور خلیج عرب میں ہوں گی جس میں ڈرون، بارودی بوٹس اور سمندری بارودی سرنگوں سمیت ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے علاوہ اہم تنصیبات کے تحفظ اور سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کی ٹریننگ شامل ہوگی‘۔