مملکت میں نیا پیٹرول و ڈیزل ’یورو 5‘ لانچ کرنے کی تیاریاں
نئے پیٹرول اور ڈیزل ’یورو5‘ سے کاربن کے اخراج میں کمی آئے گی(فوٹو، ایکس)
سعودی وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ مملکت میں نئے پیٹرول اور ڈیزل کو متعارف کرانے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ اسے ’یورو 5‘ کا نام دیا گیا ہے۔
خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت کا مزید کہنا ہے کہ ’یورو 5 ‘ تمام گاڑیوں اور نقل و حمل کے لیے مروجہ ٹراسپورٹ میں استعمال ہوسکتا ہے۔
نئے ایندھن کے معیار کو بہتر کیا گیا ہے جس سے ماحول کا تحفظ ہوگا اور کاربن کے اخراج میں بھی نمایاں کمی واقع ہوگی۔
تحفظ ماحولیات کے حوالے سے مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کے حصول کی راہ بھی ہموار ہوگی۔
وزارت توانائی کا کہنا تھا کہ نئے ایندھن کو مکمل طور پر مارکیٹ کرنے کے بعد پرانے پیٹرول اور ڈیزل کا استعمال ختم کردیا جائے گا۔
نئے ایندھن کے حوالے سے وزارت توانائی نے بتایا کہ صاف ڈیزل اور پیٹرول ’یورو5 ‘ کے استعمال سے کاربن کے اخراج پر قابو پانے کے ہدف کے حصول میں مدد ملے گی۔