مکہ مکرمہ: رمضان بازاروں کے سٹالز کی بکنگ شروع
کوئی بھی سٹال پرمٹ کے بغیر نہیں لگایا جا سکتا۔ (فوٹو عاجل)
مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے رمضان بازاروں کے لیے سٹالز کی بکنگ کا آغاز کردیا۔ ماہ مبارک میں لگائے جانے والے بازاروں کے پرمٹ کے لیے درخواستوں کی وصولی اتوار تین مارچ تک کی جائے گی۔
عاجل نیوز کے مطابق مکہ میونسپلٹی نے ہر برس کی طرح امسال بھی رمضان بازاروں کے قیام کا منصوبہ مکمل کر لیا ہے۔ بازار میں سعودی شہریوں کو سٹالز لگانے کی اجازت ہوتی ہے۔
رمضان بازاروں میں لگائے جانے والے سٹالز کی باقاعدہ نگرانی کی جاتی ہے۔ کوئی بھی سٹال پرمٹ کے بغیر نہیں لگایا جا سکتا۔
رمضان بازار کے حوالے سے بلدیہ کا کہنا تھا کہ مکہ مکرمہ کے مختلف علاقوں میں رمضان بازار لگانے کا مقصد تجارتی امور کو منظم کرنا ہے تاکہ خریداری کرنے والوں کو سہولت ہو اور تجارتی معیار کو بہتر کیا جائے۔
اس ضمن میں بلدیہ کے ذمہ دار کا کہنا تھا کہ منظم بازاروں کے انعقاد سے شاہراہوں پر غیرقانونی خوانچے لگانے کا رجحان ختم ہو گا۔ خوانچوں سے راہ گیروں اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی تھی۔
رمضان بازار کے لیے پرمٹ ڈیجیٹل ہو گا جسے ’فرص‘ ویب سائٹ کے ذریعے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ درخواست گزار ُفرص‘ ویب سائٹ پراپنے اکاؤنٹ کے ذریعے لاگ ان کرنے کے بعد مطلوبہ معلومات درج کی جائیں بعدازاں درخواست کو اپ لوڈ کیا جائے۔
بازاروں میں لگائے جانے والے سٹال کا پرمٹ حاصل کرنے کے ضوابط مقرر کیے گئے ہیں جن کی پابندی کرنا ضروری ہے۔ اشیائے خورونوش کے سٹالز کے مالکان کو چاہیے کہ وہ سٹال اور اپنے سامان کی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں