Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مجھے فلم ’بچنا اے حسینو‘ سے نکال دیا گیا تھا، کترینہ کیف کا انکشاف

کترینہ کیف کو آخری مرتبہ فلم ’میری کرسمس‘ میں دیکھا گیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ کی سپرسٹار اداکارہ کترینہ کیف نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں مشہور فلم ’بچنا اے حسینو‘ میں رول سے نکال دیا گیا تھا۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق کترینہ کیف نے ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’مڈ ڈے‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے بالی وڈ میں اپنے ابتدائی برسوں اور سفر کے بارے میں بات کی۔
کترینہ کیف نے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ وہ فلم ’بچنا اے حسینو‘ کی ابتدائی کاسٹ میں شامل تھیں لیکن حتمی سکرپٹ سے انہیں نکال دیا گیا تھا۔
مڈ ڈے کی یوٹیوب ویڈیو میں کترینہ کیف مختصر انداز میں کہتی ہیں کہ ’میں بچنا اے حسینو کی کاسٹ میں چوتھی لڑکی تھی، لیکن وہ کردار نکال دیا گیا تھا۔‘
اسی انٹرویو میں بالی وُڈ باربی نے انکشاف کیا کہ وہ 2018 میں آنند ایل رائی کی ہدایتکاری میں بننے والی شاہ رخ خان کی فلم ’زیرو‘ میں انوشکا شرما کا کردار ادا کرنا چاہتی تھیں۔ فلم زیرو میں کترینہ کیف نے ایک شوبز سپرسٹار کا کردار ادا کیا تھا جس کا نام ’ببیتا‘ تھا۔
سنہ 2008 میں ریلیز ہونے والی فلم ’بچنا اے حسینو‘ کی مرکزی کاسٹ میں بپاشا باسو، دپیکا پاڈوکون، منیشا لامبا اور رنبیر کپور تھے۔
اس فلم کی ہدایتکاری سدھارتھ آنند نے کی تھی۔
بچنا اے حسینو کی کہانی ایک ایسے لڑکے کے گرد گھومتی ہے جو تین لڑکیوں کو پیار کے جھوٹے جال میں پھنسا کر دھوکہ دیتا ہے تاہم پھر وہی تینوں لڑکیاں اسے سبق سکھاتی ہیں۔
اس فلم سے قبل کترینہ کیف ’میں نے پیار کیوں کیا‘، ’پارٹنر‘ اور ’نمستے لندن‘ جیسی فلموں میں کام کر چکی تھیں۔
حیران کن طور پر ’بچنا اے حسینو‘ کی ریلیز کے وقت رنبیر کپور اور دپیکا پاڈوکون ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہے تھے تاہم 2009 میں دونوں کا بریک اپ ہو گیا۔
اس کے بعد رنبیر کپور اور کترینہ کیف کی فلم ’عجب پریم کی غضب کہانی‘ ریلیز ہوئی۔
اس فلم کے بعد رنبیر کپور اور کترینہ کیف نے ’راج نیتی‘ اور ’جگا جاسوس‘ میں ایک ساتھ کام کیا۔
خیال رہے کترینہ کیف کو آخری مرتبہ بڑے پردے پر فلم ’میری کرسمس‘ میں دیکھا گیا تھا۔
رواں برس 12 جنوری کو ریلیز ہونے والی اس فلم کی کاسٹ میں کترینہ کیف کے ساتھ جنوبی انڈیا کے اداکار وجے سیتھوپاتھی شامل تھے جبکہ اس فلم کی ہدایتکاری سری رام راگھون نے کی۔

شیئر: