Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کترینہ کیف ہر ہفتے گھر کے بجٹ کے حوالے سے میٹنگ کیوں رکھتی ہیں؟

وکی کوشل کی اداکارہ سارہ علی خان کے ساتھ نئی فلم ’ذرا ہٹ کے ذرا بچ کے‘ باکس آفس پر اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے۔ (فوٹو: انسٹاگرام)
بالی وُڈ کے اداکار وکی کوشل نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی اہلیہ اور سپرسٹار اداکارہ کترینہ کیف ہر ہفتے گھر کے بجٹ کے حوالے سے میٹنگ رکھتی ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق وکی کوشل جنہیں کترینہ کیف کی یہ عادت بہت اچھی لگتی ہے، نے بتایا کہ وہ اس بات کو انجوائے کرتے ہیں اور بالکل تماشائی کی طرح محسوس کرتے ہیں۔
وکی اور کترینہ نے ایک دوسرے کو کچھ عرصہ ڈیٹ کرنے کے بعد دسمبر دسمبر 2021 میں شادی کی تھی۔
اُن کی شادی ریاست راجستھان میں ہوئی جہاں اُن کی فیملی اور قریبی دوستوں سے شرکت کی۔
شادی کے بعد اُن دونوں کا شمار بالی وُڈ کے مشہور جوڑوں میں ہونے لگا ہے۔
اداکار نے ’نیوز تک‘ کو دیے گئے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ ’سب سے مزیدار لمحہ وہ ہوتا ہے جب وہ (کترینہ) گھر میں ہر ہفتے یا ہر دوسرے ہفتے میٹنگ رکھتی ہے۔ وہ سب چیزوں پر بات کرتی ہے اور گھر کے بجٹ کے بارے میں گفتگو کرتی ہے۔ وہ یہ دیکھتی ہے کہ پیسے کس چیز پر خرچ ہو رہے ہیں، خرچہ کیا ہے۔ یہ ایک بہترین بات ہے۔‘
وہ مزید کہتے ہیں کہ ’جب اس بارے میں گفتگو ہوتی ہے تو میں انجوائے کرتا ہوں۔ میں تماشائی کی طرح پاپ کارن لے کر بیٹھ جاتا ہوں۔‘
دوسری جانب وکی کوشل کی اداکارہ سارہ علی خان کے ساتھ نئی فلم ’ذرا ہٹ کے ذرا بچ کے‘ باکس آفس پر اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے۔
فلم نے اپنی ریلیز کے چوتھے دن انڈیا بھر سے 4 کروڑ 14 لاکھ انڈین روپوں کا کاروبار کیا جس کے بعد اس کا مجموعی کاروبار 26 کروڑ انڈین روپے ہوگیا ہے۔
اس سے قبل کترینہ کیف نے بھی فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی سٹوری میں فلم کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’سنیما میں نمائش جاری ہے۔ پوری ٹیم کو مبارک ہو۔ یہ وہ فلم ہے جسے بہت دل سے بنایا گیا ہے۔‘
اس کے جواب میں وکی کوشل نے اپنی اہلیہ کی سٹوری کو انسٹاگرام پر ری شیئر کرتے ہوئے  فلم کا گانا ’پھر اور کیا چاہیے‘ کی لائن ’تو ہے تو مجھے پھر اور کیا چاہیے‘ لکھا تھا۔

شیئر: