خیبر پختونخوا میں بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے 27 افراد ہلاک، 38 زخمی
شدید بارشوں کی وجہ سے کئی علاقوں میں مکانات کے چھت گرے ہیں۔ (فوٹو: ریسکیو 1122)
صوبہ خیبر پختونخوا میں گزشتہ چار دنوں کے دوران شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے اب تک 27 افراد ہلاک اور 38 زخمی ہوئے۔
اتوار کو قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ بارشوں سے 129 مکانات کو جزوی جبکہ 33 کو مکمل نقصان پہنچا۔
آج ضلع خیبر میں ایک مکان کی چھت گرنے سے چار بچوں سمیت کم از کم چھ افراد جان سے گئے۔
مکان کی چھت مسلسل بارش اور برف باری کے باعث گری۔
خیبر پختونخوا کے وزیراعلٰی علی امین گنڈاپور نے ہلاک افراد کے ورثا اور زخمیوں کو فوری طور پر امدادی چیکس مہیا کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق متاثرہ اضلاع میں امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں برفباری اور بارشوں کی وجہ سے بعض بالائی علاقوں میں راستے تاحال بند ہیں۔
پاکستان کے سرکاری ریڈیو کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں گوادر، جیونی اور سربندر کی مختلف آبادیوں سے پانی نکالنے کا کام جاری ہے۔
حکام کے مطابق گلگت میں کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے سڑکیں بند ہیں جن کو کھولنے کے لیے کام جاری ہے۔
سنیچر کو پاکستان فوج کی امدادی ٹیموں نے شاہراہ قراقرم پر پھنسے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا تھا۔
پاکستان فوج کی امدادی ٹیموں نے ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے 300 ڈرونز کے ذریعے متاثرہ علاقوں کی فضائی نگرانی کی۔