Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف نے عہدے کا حلف اُٹھا لیا

شہباز شریف نے ملک کے 24ویں وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اُٹھا لیا ہے۔ صدرِ مملکت عارف علوی نے نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف سے حلف لیا۔
پیر کو نومنتخب وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب میں آرمی چیف، چیئرمین چوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم کے رہنما موجود تھے۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف قومی اسمبلی میں 201 ووٹ لے کر پاکستان کے 24ویں وزیراعظم منتخب ہوئے تھے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب نے 92 ووٹ حاصل کیے ہیں۔
مسلم لیگ ن اور دیگر اتحادی جماعتوں کی جانب سے شہباز شریف دوسری مرتبہ وزارت عظمٰی کے امیدوار تھے جبکہ سنی اتحاد کونسل نے عمر ایوب کو وزارت عظمٰی کا امیدوار بنایا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں اپنے پہلے خطاب کے دوران اپوزیشن کو ’میثاق معیشت‘ اور ’میثاق مفاہمت‘ کی دعوت دیتے ہوئے کہا تھا کہ شور شرابے کے بجائے اسمبلی میں شعور کا راج ہونا چاہیئے تھا۔
انہوں نے کہا کہ ’اکٹھے ہوجائیں تاکہ یہ شور شعور میں بدل جائے، پاکستان کی تقدیر مل کر بدلیں گے، ہم نے صبر و تحمل سے کام لیا، کبھی بدلے کی سیاست کا نہیں سوچا، ہم نے اپنی سیاست کو قربان کرکے ملک بچایا، ملک کو بڑے بڑے چیلنجز درپیش ہیں۔‘
اُن کا کہنا تھا کہ ’بیچ منجھدار میں پھنسی کشتی کنارے لگائیں گے، ملکی چیلنجز سے ملکر نمٹیں گے۔ ہماری کوشش ہے کہ حکومتی اقدامات کے ثمرات کہ ایک سال میں نظر آنا شروع ہو جائیں۔‘

شیئر: