پہلی پیشہ ورانہ لیگ ریاض، جدہ، دمام میں فرنچائزز حقوق حاصل کرے گی (فائل فوٹو: گیٹی امیجز)
سعودی بیس بال اینڈ سوفٹ بال فیڈریشن نے اس کھیل کو مملکت میں لانے کے لیے بیس بال یونائیٹڈ کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق بیس بال یونائیٹڈ مشرق وسطیٰ اور برصغیر پر توجہ مرکوز کرنے والی پہلی پیشہ ورانہ لیگ کو ریاض، جدہ اور دمام میں فرنچائزز حقوق حاصل ہوں گے۔
بیس بال کا کھیل پیشہ ورانہ طور پر پہلی بار سعودی عرب میں لایا جا رہا ہے اور مملکت میں اس کھیل میں دلچسپی رکھنے والے 15 لاکھ کے قریب شائقین ہیں۔
سعودی فیڈریشن کی جانب سے منگل کو پریس ریلیز میں کہا گیا کہ بیس بال یونائیٹڈ سے معاہدہ مملکت میں اس کھیل کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا اور کھلاڑیوں اور کوچز کو تربیت دی جائے گی۔
اس موقع پر بیس بال یونائیٹڈ کے چیئرمین، سی ای او اور شریک بانی قاش شیخ نے کہا کہ ’بیس بال کے کھیل کے لیے یہ ایک یادگار دن ہے۔‘
’سعودی عرب، مملکت اور اس سے باہر کھیلوں کی ترقی، سرمایہ کاری اور ترقی کے منصوبے بڑھا رہا ہے، ان بلند پایہ منصوبوں میں بیس بال کو شامل کرنے پر ہمیں فخر ہے۔‘
انہوں ںے کہا کہ ’یہ معاہدہ خطے میں بیس بال یونائیٹڈ کے موقف کی حمایت کرتا ہے اور اہم بات یہ ہے کہ مشرق وسطیٰ کے سب سے بڑے ملک میں کھیل کو فروغ دینے میں مدد کے لیے ہم ابتدائی سطح پر کھلاڑیوں کی صلاحیتیں نکھارنے کے قابل ہوں گے۔‘
بیس بال یونائیٹڈ کے چیئرمین نے مزید کہا کہ وہ سعودی بیس بال اینڈ سافٹ بال فیڈریشن کے چیئرمین نایف بن محمد بن عبدالمحسن بن حمید، وائس چیئرمین ریم بنت سفیان بن عبداللطیف بنجا، سی ای او عبدالرحمٰن بن حسن الشہری اور دیگر اراکین کے ساتھ کام شروع کرنے پر انتہائی خوش ہیں۔
سعودی بیس بال اینڈ سافٹ بال فیڈریشن (ایس بی ایس ایف) 2019 میں قائم ہونے والی دنیا کی سب سے نووارد بیس بال فیڈریشن ہے۔
گذشتہ پانچ برس سے یہ فیڈریشن مملکت میں بیس بال کے کھیل کو فروغ دینے کے لیے کام کر رہی ہے۔
ایس بی ایس ایف کا مقصد آئندہ ورلڈ بیس بال سوفٹ بال کنفیڈریشن ٹورنامنٹس میں حصہ لینے کے لیے قومی ٹیم تیار کرنا ہے۔
ایس بی ایس ایف کے چیئرمین نے کہا ’سعودی اولمپک کمیٹی کی قیادت میں ہماری فیڈریشن نے بیس بال کو پسند کرنے والی مقامی کمیونٹی میں اس کھیل کی حوصلہ افزائی کے لیے عالمی سطح تک کامیابیوں کی امید کے ساتھ شرکت کا آغاز کیا ہے۔
بیس بال یونائیٹڈ کے ساتھ شراکت داری سعودی عرب میں کھلاڑیوں میں صلاحیت بڑھانے، ایونٹس منعقد کرانے اور کھیل پر خاص توجہ حاصل کرے گی۔
قبل ازیں بیس بال یونائیٹڈ نے اس خطے کی تاریخ میں پہلے پیشہ ور بیس بال گیم کا آغاز نومبر 2023 میں دبئی میں کیا تھا۔
بیس بال یونائیٹڈ کے ملکیتی گروپ میں بیس بال لیگ کے 18 لیجنڈز شامل ہیں جن میں بیری لارکن، ماریانو رویرا، ایڈرین بیلٹری، فیلکس ہرنینڈز، رابنسن کینو اور ریان ہاورڈ شامل ہیں۔
بیس بال یونائیٹڈ نے اپنی چار فرنچائزز ٹیموں ممبئی کوبراز، کراچی مونارکس اور متحدہ عرب امارات میں مقیم دو ٹیمیں وولفز اور فالکنز کا اعلان کیا تھاجو یہاں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹس اور لیگ میں حصہ لیں گی۔