Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور میں مبینہ طور پر خاتون کو چھت سے گرانے کا واقعہ، شوہر کے خلاف مقدمہ درج

عظمٰی بخاری کا کہنا ہے کہ ملزموں کی گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں (فوٹو: پی ایم ایل، سوشل میڈیا)
لاہور میں مبینہ طور پر ایک خاتون کو اس کے شوہر اور سسرالیوں نے چھت سے دھکا دے کر نیچے پھینک دیا۔
سنیچر کی صبح سوشل میڈیاپر سامنے آنے والی ویڈیو رات کے وقت کی ہے۔ 43 سیکنڈز پر مشتمل ویڈیو میں خاتون کو گلی میں گرتے دیکھا جا سکتا ہے جس کے بعد دوسرے گھروں سے خواتین نکل کر مدد کے لیے لپکتی ہیں۔
ویڈیو کے ساتھ لکھے کپیشن میں بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ لاہور کے علاقے گلشن راوی کا ہے، جس میں زخمی ہونے والی خاتون کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور شوہر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

واقعے کے بعد پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمٰی بخاری نے ایکس پر اسی ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ویڈیو کے سامنے آتے ہی وزیراعلٰی نے نوٹس لے لیا ہے، یہ کل کا واقعہ ہے۔‘
عظمٰی بخاری نے مزید لکھا کہ ’مریم نامی خاتون کو مبینہ طور پر سسرال والوں نے نیچے پھینکا، خاتون کی حالت خطرے سے باہر ہے اور وزیراعلٰی کی ہدایت پر ملزموں کی گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اس ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین شدید غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔
دوسری جانب لاہور پولیس کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے کی جانے والی ایک پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ گلشن راوی کے علاقے نوناریاں میں پیش آنے والے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

شیئر: