Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آصف علی زرداری 411 ووٹ لے کر دوسری مرتبہ صدرِ پاکستان منتخب

آصف علی زرداری دوسری بار منتخب ہونے والے پہلے سویلین صدر ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
حکمراں اتحاد کے امیدوار آصف علی زرداری 411 ووٹ لے کر دوسری مرتبہ صدر مملکت منتخب ہو گئے ہیں۔ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مشترکہ امیدوار محمود خان اچکزئی کو 181 ووٹ ملے۔
سنیچر کو صدارتی انتخاب کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس اور چاروں سوبائی اسمبلیوں میں ارکان نے ووٹ ڈالے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق صدارتی انتخاب کے لیے کل 1185 الیکٹورل ووٹوں میں سے 1044 ووٹ کاسٹ ہوئے۔ مخصوص نشستوں سمیت 92 نشستیں تاحال خالی ہیں جبکہ پریزائڈنگ افسران نے کل نو ووٹ مسترد کیے۔
آصف علی زرداری نے قومی اسمبلی اور سینیٹ (پارلیمنٹ) سے 255 ووٹ حاصل کیے جبکہ محمود خان اچکزئی کو 119 ووٹ ملے۔ ایک ووٹ مسترد ہوا ہے۔
پنجاب اسمبلی میں کل 352 ووٹ کاسٹ ہوئے جن میں سے آصف علی زرداری کو 246 ووٹ ملے جبکہ محمود خان اچکزئی کو 100 ووٹ ڈالے گئے۔ چھ ووٹ مسترد ہوئے ہیں۔
سندھ اسمبلی سے آصف علی زرداری بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے۔ انہیں 151 ووٹ ملے جبکہ محمود خان اچکزئی کے حصے میں صرف نو ووٹ آئے۔ ایک ووٹ مسترد ہوا ہے۔
بلوچستان اسمبلی میں مجموعی طور پر 47 اراکین صوبائی اسمبلی نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا لیکن یہ تمام کے تمام ووٹ آصف علی زرداری کو پڑے۔ محمود خان اچکزئی کو بلوچستان سے کوئی ووٹ نہیں پڑا۔
خیبر پختونخوا اسمبلی میں کل 109 کاسٹ ہوئے اور یہاں محمود خان اچکزئی اپنے مدمقابل آصف علی زرداری سے بہت زیادہ آگے رہے۔ انہیں 91 ووٹ ملے جبکہ آصف علی زرداری کو 17 ووٹ پڑے۔ ایک ووٹ مسترد ہوا ہے۔
خیال رہے کہ صدارتی انتخاب میں ووٹ کاسٹ کرنے کا معاملہ تھوڑا سا پیچیدہ ہے۔ ایوان زیریں اور ایوان بالا کے ہر رکن کا ایک ووٹ شمار ہوتا ہے لیکن صوبائی اسمبلیوں میں بلوچستان کے علاوہ کسی بھی دوسرے صوبے کی اسمبلی کے رکن کا ایک ووٹ شمار نہیں ہوتا۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی سے ایک بھی ووٹ نہ ملنے پر افسوس ہوا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

صدارتی الیکشن ہارنے کے بعد سنی اتحاد کونسل کے امیدوار محمود خان اچکزئی نے کہا کہ الیکشن اچھے ماحول میں ہوئے، یہ نئے دور کا آغاز ہے کہ ووٹ خریدنے اور بیچنے کا عمل نہیں ہوا۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ ’اختر جان مینگل کا مشکور ہوں کہ انہوں نے گھر میں بیماری ہونے کے باوجود اسلام آباد میں مجھے ووٹ دیا۔‘
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی میں اختر مینگل کی پارٹی کا رکن نہیں تھا اس لیے وہاں سے ایک بھی ووٹ نہ ملنے پر افسوس ہوا۔
آصف علی زرداری پاکستان کے 14 ویں صدر ہیں۔ وہ دوسری بار منتخب ہونے والے پہلے سویلین صدر ہیں۔ اس سے قبل وہ 2008 سے 2013 تک اس عہدے پر فائز رہے۔

شیئر: