کراوڈ کنٹرولنگ کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں(فوٹو، ایس پی اے)
ادارہ امن عامہ کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل محمد البسامی کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے لیے ٹریفک اور کراوڈ کنٹرولنگ کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘کے مطابق رمضان المبارک کے دوران محکمہ امن عامہ کی تیاریوں اور اختیار کی جانے والی حکمت عملی کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے جنرل البسامی نے مزید کہا کہ مختلف شہروں سے ماہ مبارک میں عمرہ کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ آنے والوں کے آرام کے لیے مختلف پہلووں کا جائزہ لیتے ہوئے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے ۔
زائرین حرم کی سہولت کےلیے ٹریفک پولیس اور ادارہ امن عامہ کی اضافی ٹیموں کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔
اندرون مملکت سے عمرہ کی ادائیگی کے لیے آنے والوں کےلیے مکہ مکرمہ سے باہر قائم پارکنگ لاٹس کو کھول دیا گیا ہے جہاں سے حرم شریف آمد ورفت کے لیے خصوص شٹل سروس بھی فراہم کی جاتی ہے۔
جنرل البسامی نے مزید کہا کہ صحن مطاف صرف عمرہ کرنے والوں کے لیے ہی مخصوص ہوگا جس کا مقصد عمرہ زائرین کو سہولت فراہم کرنا ہے۔ بالائی منزل پر بھی عمرہ زائرین طواف کرسکتے ہیں۔
مسجد الحرام کی تیسری توسیع والے مقامات کو صرف نماز کی ادائیگی کے لیے ہی مخصوص کیا گیا ہے وہاں آمد ورفت کے مقامات کو بھی جدا کیا گیا تاکہ عمرہ کرنے والوں کو راستے میں غیرمعمولی ازدحام کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
مسجد الحرام اور اسکے اطراف میں انسداد گداگری یونٹ کو بھی فعال کیا گیا ہے جو مسجد الحرام کے بیرونی صحنوں میں ڈیرہ ڈالنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کریں گے۔
سیکیورٹی پلان میں معزور افراد کو خصوصی معاونت فراہم کرنے کے لیے بھی اہلکاروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ ویل چیئرز کے لیے مسجد الحرام میں دروازے بھی مخصوص کیے گئے ہیں۔
جنرل البسامی نے توقع ظاہر کی کہ امسال عمرہ زائرین کی بڑی تعداد اندرون و بیرون مملکت سے آئے گی جن کے استقبال اورسہولت کےلیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
پریس کانفرنس سے محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر صالح بن سعید نے کہا کہ مملکت کے تمام ہوائی اڈوں اور بری سرحدی چوکیوں پر جوازات کے اضافی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
جوازات کی ٹیمیں مختلف شفٹوں میں 24 گھنٹے کی بنیاد پر مملکت آنے والے عمرہ زائرین کی خدمت کےلیے مستعد ہیں۔