Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایک شرپسند جماعت آئی ایم ایف پروگرام سبوتاژ کرنے پر عمل پیرا ہے: وفاقی وزیر اطلاعات

عمران خان کے ساتھ جیل میں ملاقاتوں کے لیے یقین دہانی کروائی گئی ہے: بیرسٹر گوہر

کس کا پلان کامیاب ہوگا: عمران خان یا عمران مخالفوں کا؟ عامر خاکوانی کا کالم

حکمرانوں نے پچھلے 10 برس میں کراچی کے ساتھ ناانصافی کی: ایم کیو ایم رہنما

ایک شرپسند جماعت آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام سبوتاژ کرنے پر عمل پیرا ہے: وفاقی وزیر اطلاعات
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ایک شرپسند جماعت آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام سبوتاژ کرنے پر عمل پیرا ہے۔
جمعے کو اسلام آباد میں پریس کانفرس میں تحریک انصاف کے حوالے سے کہا کہ ایک جماعت آئی ایم ایف سے کہہ رہی ہے کہ اس کے سیاسی لیڈر کو رہا کیا جائے تو تب پاکستان کو امداد دی جائے۔
انھوں نے کہا کہ ملک دشمن جماعت آئی ایم ایف کے دفتر کے باہر بیٹھ کر احتجاج کر رہی ہے اور وہاں احتجاج کرنے والے یہ وہ لوگ ہیں جن کا پاکستان کی مٹی سے کوئی تعلق نہیں۔
انھوں نے کہا کہ ایسے نہیں چل سکتا کہ ایک طرف آپ بات کریں دوسری طرف لوگوں کو احتجاج پر اکساتے ہیں 
وفاقی وزیر اطلاعات  نے کہا کہ ان سے مذاکرات میں بات ہوگی کہ ایسا کام نہ کریں جس سے پاکستان کو نقصان ہو۔
قومی اسمبلی، سات آرڈیننسز کی مدت میں توسیع پر اپوزیشن کا احتجاج

قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے قومی اسمبلی کے سامنے 7 مختلف نوعیت کے آرڈیننس پیش کیے جس پر اپوزیشن سمیت اتحادی جماعتوں کے ارکان نے بھی اعتراض کیا۔
اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قادر پٹیل نے کہا کہ ایک دن میں سات آرڈیننس نہیں پڑھ سکتے۔ 
وفاقی وزیر قانون نے سات آرڈیننس میں ایک سو بیس روز کی توسیع کے لیے قرار داد ایوان میں پیش کی۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے آرڈیننسز کو مسترد کرتے ہوئے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔
انہوں نے قرارداد کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ آرڈیننسز پاکستان کو بیچنے کے لیے ہیں۔
عمر ایوب نے سوال اٹھایا کہ یہاں موجود کتنے لوگوں نے یہ آرڈیننس پڑھے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے شاہد خٹک نے احتجاج کرتے ہوئے ایجنڈے کی کاپی پھاڑ دی جبکہ سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے چور چور کے نعرے لگائے۔
جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) نے آرڈیننس کے حق یا مخالفت میں ووٹ نہیں دیا۔
اپوزیشن کے شور شرابے میں سپیکر نے گنتی شروع کروا دی۔ قرارداد کی حمایت میں 138 ووٹ اور مخالفت میں 63 ووٹ پڑے۔ 
سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے سنی اتحاد کونسل کے اراکین کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ بار بار کاغذ پھاڑ کر پھینکیں گے تو ڈسپلنری ایکشن لینا ہوگا۔
وزیر قانون کی وضاحت کے دوران سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے کاغذات پھاڑ کر پھینکنے جس پر سپیکر اسمبلی ایاز صادق نے برہمی کا اظہار کیا۔
سپیکر نے وارننگ دی کہ ’اگر اب ایسا کیا تو انضباطی کارروائی پہ مجبور ہوں گا۔‘
پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر نے کہا کہ ’ہم اس قرارداد کو منظور کروانے میں ساتھ ہیں مگر احتیاط کرنی چاہیے کہ ایسی کوئی چیز نہ ہو جو قابل واپسی نہ ہو سکے۔‘
اس پر وزیر قانون نے یقین دہانی کرائی کہ تمام اتحادیوں کی رائے لیں گے، ’ہم پرانے آرڈیننس کی توسیع کے بعد قوانین بناتے ہوئے ایوان کو اعتماد میں لیں گے۔‘
نوید قمر نے کہا کہ کچھ آرڈیننسز پر ہمیں شدید تشویش ہے، اگر ایسے ہی منظوری کروانی ہے تو پھر گھر سے بیٹھ کر کرا لیں۔
وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ نے ایوان کو بتایا کہ وزیراعظم نے ہدایت جاری کی ہے کہ اس معاملے پر کمیٹی بنا دی جائے، کمیٹی میں اپوزیشن سمیت تمام پارٹیوں کی نمائندگی ہوگی۔

قراداد کے لیے رولز کی خلاف ورزی کی گئی: گوہر علی خان

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما گوہر علی خان نے کہا ہے کہ قانون سازی پارلیمان کا حق ہے لیکن یہ عمل رولز کے مطابق ہونا چاہیے۔
جمعے کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گوہر علی خان نے سات آرڈیننسز کی مدت میں توسیع کی قرارداد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے رولز کی خلاف ورزی کی گئی۔
ان کے مطابق ’جس طریقے سے قراراد پیش کی گئی وہ غیر آئینی اور غیر قانونونی تھا۔‘
اس موقع پر ان کے ساتھ موجود اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ’ہم مزاحمت کرنے جا رہے ہیں‘ اور ساتھ ہی کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ایک لمبی جنگ ہو گی۔‘
سینیٹ الیکشن، پنجاب میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ شروع

صوبہ پنجاب میں سینیٹ الیکشن کے لیے الیکشن کمیشن کے صوبائی دفتر میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
الیکشن کمشنر پنجاب کا کہنا ہے کہ کاغذات نامزدگی آج جمعے اور آئندہ روز یعنی 16 مارچ تک وصول کیے جائیں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کاغذات کی سکروٹنی 19 مارچ 2024 تک مکمل ہو جائے گی اور 26 مارچ کو امیدواروں کی حتمی فہرست آویزاں کر دی جائے گی۔
سینیٹ انتخابات کے لیے پولنگ 2 اپریل کو ہو گی۔
سینیٹ الیکشن، بلاول بھٹو نے پنجاب اور کے پی کے لیے مذاکراتی کمیٹیاں بنا دیں

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹ انتخابات کے حوالے سے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کے لیے کمیٹیاں قائم کر دی ہیں۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے جمعے کو جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق پنجاب کے لیے بنائی جانے والی کمیٹی میں راجہ پرویز اشرف، سید حسن مرتضٰی، ندیم افضل چن اور سید علی حیدر گیلانی شامل ہیں۔
اسی طرح خیبر پختونخوا کے لیے تشکیل دی جانے والی کمیٹی میں خورشید شاہ، فیصل کریم کنڈی، محمد علی شاہ باچا اور شجاع خان شامل ہیں۔
حکومت کو بجٹ پاس نہیں کرنے دیں گے: اپوزیشن رہنما آفتاب احمد خان

پنجاب اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کے رہنما رانا آفتاب احمد خان نے کہا ہے کہ آج حکومت بجٹ نہیں آرڈیننس لا رہی ہے۔
جمعے کی صبح پنجاب اسمبلی کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’نگراں حکومت کے نو ماہ کے اللے تللوں کا بجٹ پاس نہیں کرنے دیں گے۔‘
انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس نے ہسپتال میں ٹائلز تو لگوا دیں مگر وہاں دوائی نہیں ہے۔
رانا آفتاب احمد خان کا کہنا تھا کہ سیف سٹی مںصوبہ کسی کام کا نہیں، موٹر سائیکل پر جانے والے عام آدمی کے بلاوجہ چالان ہو رہے ہیں۔
ان کے مطابق ’حکومت نے راشن کے نام پر قوم کو بھکاری بنا دیا ہے۔‘
چیف الیکشن کمشنر کو سفیر لگانے کی افواہ بے بنیاد ہے: الیکشن کمیشن
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کو بیرون ملک سفیر لگانے کی افواہ بے بنیاد ہے۔
جمعرات کو ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ’چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے بارے میں یہ گمراہ کن افواہ کہ اُن کو کسی باہر کے ملک کا سفیر بنایا جا رہا ہے، بالکل بے بنیاد ہے۔‘
’نہ ہی حکومت نے اُن کو ایسی کوئی آفر کی ہے اور نہ ہی اُن کا ایسا ارادہ ہے۔ وہ مدت ملازمت مکمل کرنے کے بعد بھی اپنے ملک میں ہی رہیں گے اور کسی بھی بیرون ملک اسائنمنٹ کے طلب گار نہیں ہیں۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسی افواہیں پھیلانے والے کو اور ان کی اس افواہ کو بڑھانے والوں کو تنبیہ کی جاتی ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں ورنہ ان کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔ مزید یہ کہ چیف الیکشن کمشنر ایسے شرپسند عناصر کا مقابلہ کرنا بخوبی جانتے ہیں۔
سنی اتحاد کونسل نے زین قریشی کو قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر نامزد کر دیا
سنی اتحاد کونسل نے زین قریشی کو قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر نامزد کر دیا ہے۔
جمعرات کو سنی اتحاد کونسل کی طرف سے سپیکر قومی اسمبلی کو درخواست دے دی گئی ہے۔
زین قریشی پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کے بیٹے ہیں۔ شاہ محمود قریشی سائفر کیس میں اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔

شیئر: