فضائی ایمبولینس کے ذریعے قاھرہ سے دو شہریوں کی مملکت منتقلی
مریضوں کی منتقلی کی کارروائی سعودی سفارتکاروں کی نگرانی میں کی گئی(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
فضائی ایمبولینس کے ذریعے مصر زیر علاج دو سعودی شہریوں کو قاھرہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ریاض منتقل کردیا گیا۔
اخبار 24 کے مطابق مصر میں سعودی سفارتخانے کو اطلاع ملی تھی کہ دو سعودی شہری بیمار ہیں جنہیں وطن واپسی کے لیے ایئرایمبولینس درکار ہوگی۔
سعودی سفارتخانے نے وزارت خارجہ سے رابطہ کیا تاکہ ایئرایمبولینس کا انتظام کیا جاسکے۔ وزارت خارجہ نے ہلال الاحمر کے فضائی کنٹرول یونٹ کو دونوں مریضوں کو مملکت منتقل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
ہلال الاحمر کے فضائی یونٹ کی ٹیم قاھر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچی جہاں وقت مقررہ پر دونوں سعودی شہریوں کو بھی لایا گیا جہنہیں تمام تراحتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے مخصوص لفٹ کے ذریعے جہاز میں سوار کردیا گیا۔
واضح رہے مملکت کی اعلی قیادت کی جانب سے مختلف ممالک میں موجود ایسے شہری جنہیں طبی حالت کے پیش نظر فوری طورپر وطن منتقل کرنے کی ضرورت ہوتی ہے ان کےلیے فضائی ایمبولینس کا خصوصی بندوبست کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
اس ضمن میں اب تک متعدد ممالک سے سعودی شہریوں کو فضائی ایمبولینس کے ذریعے وطن منتقل کیا جاچکا ہے۔ گزشتہ ہفتے بینکاک سے تین سعودی شہریوں کو وطن منتقل کیا گیا تھا جن کی حالت انتہائی خراب تھی۔