ملتان سلطانز کی سپن بولنگ کوچ الیکس ہارٹلی کا روزے رکھنے کا انکشاف
ایلکس ہارٹلی نے انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کی 28 ون ڈے اور چار ٹی20 میچوں میں نمائندگی کی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم ملتان سلطانز کی سپن بولنگ کوچ الیکس ہارٹلی نے ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ رمضان کے روزے رکھنے کا انکشاف کیا ہے۔
ایلکس ہارٹلی نے انکشاف کیا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی روزے رکھ رہے ہیں لہذا وہ بھی یہ بات جاننے کے لیے روزے رکھ رہی ہیں کہ سارا دن روزہ رکھنے کے بعد میچ کھیلنا کیسا لگتا ہے۔
ایلکس ہارٹلی نے بی بی سی فائیو لائیو سپورٹ کی پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’رمضان کا مہینہ چل رہا ہے اور لڑکے روزے رکھ رہے ہیں۔ لہذا میں نے سوچا کہ مجھے یہ بات سمجھنی چاہیے کہ وہ روزے کے بعد میچ کیسے کھیلتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’مجھے یہ لگا کہ کیونکہ کھلاڑی روزے رکھ رہے ہیں تو مجھے بھی رکھنے چاہیں۔‘
ملتان سلطانز کی سپن بولنگ کوچ مزید کہتی ہیں کہ ’ہم نے ابھی اپنا روزہ افطار کیا ہے۔ میں نے کچھ کھجوریں اور سلاد کھایا۔ ہم صبح 4 بجے (یعنی سحری) تک کھا سکتے ہیں اور پھر شام 6 بج کر 40 منٹ (یعنی افطار) تک کچھ نہیں کھا سکتے۔ یہ بہت مشکل کام ہے، بہت مشکل۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’کیونکہ میں کچھ نہیں کھاتی تو مجھے جسم میں توانائی محسوس نہیں ہوتی لیکن جیسے ہی میں کھاتی ہوں تو میری توانائی واپس آ جاتی ہے۔ مجھے سب نے بتایا کہ دو یا تین دنوں بعد مجھے اس کی عادت ہو جائے گی اور میں بالکل ٹھیک محسوس کروں گی۔‘
الیکس ہارٹلی مزید کہتی ہیں کہ ’میں صبح چار بجے سوتی ہوں اور دن بھر سوئی رہتی ہوں کیونکہ ہمارے میچ رات 9 بجے شروع ہوتے ہیں۔‘
خیال رہے کہ ملتان سلطانز پی ایس ایل میں خاتون کوچ کی خدمات لینے والی پہلی ٹیم تھی۔
ایلکس ہارٹلی کے علاوہ برطانوی نژاد آئرش کرکٹر کیتھرین ڈالٹن بھی ملتان سلطانز کی رواں سیزن میں فاسٹ بولنگ کوچ کی ذمہ دارایاں نبھا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ ایلکس ہارٹلی نے انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کی 28 ون ڈے اور چار ٹی20 میچوں میں نمائندگی کی جہاں انہوں نے بالترتیب 39 اور 3 وکٹیں حاصل کیں۔