عماد وسیم کی 59 اور حیدر علی کی 52 رنز کی ناقابل شکست اننگز نے پشاور زلمی کی بظاہر یقینی جیت کو ہار میں بدل دیا۔
پی ایس ایل کی تاریخ میں 2018 کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ پہلی مرتبہ فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔
پیر 18 مارچ کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں اسلام آباد یونائیٹڈ فائنل میں ملتان سلطانز سے ٹکرائے گی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز
186 رنز کے تعاقب کے آغاز میں ہی اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔ اوپنر ایلکس ہیلز پہلے ہی اور میں ایک رن پر آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد آغا سلمان پانچ رنز جبکہ کپتان شاداب خان صفر پر یکے بعد دیگرے وکٹیں گنوا بیٹھے۔
مارٹن گپٹل نے قدرے جارحانہ انداز میں ٹیم کا سکور بڑھانے کی کوشش کی لیکن قسمت نے زیادہ دیر تک ان کا ساتھ نہ دیا۔
انہوں نے ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے 34 رنز بنائے اور خرم شہزاد کی گیند پر بابر اعظم کو کیچ تھما بیٹھے۔
یوں ابتدائی چھ اوورز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے چار کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
اعظم خان ایک مرتبہ پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔ وہ 17 گیندوں پر 22 رنز بنا کر لوک وُڈ کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔
اس کے بعد عماد وسیم اور حیدر علی نے وکٹ سنبھالی تو پشاور زلمی کے بولرز کی عمدہ بولنگ آہستہ آہستہ ناکام ہونے لگ گئی۔
دونوں بلے بازوں نے شاندار طریقے سے لائن اینڈ لینتھ کو مدنظر رکھتے ہوئے عمدہ شاٹس کھلیں۔
عماد وسیم نے نو چوکوں کی مدد سے 40 گیندوں پر 59 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
حیدر علی کے پے در پے چھکوں نے میچ کی کایا پلٹی انہوں نے پانچ چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 29 گیندوں پر 52 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
پشاور زلمی کی جانب سے صائم ایوب نے دو جبکہ لوک وُڈ، مہران ممتاز اور خرم شہزاد نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔
پشاور زلمی کی اننگز
اسلام آباد یونائیٹڈ کی دعوت پر پشاور زلمی نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اوپنرز نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔
ابتدائی آٹھ اوورز تک اسلام آباد کے بولرز صائم ایوب اور بابر اعظم کی پارٹنرشپ توڑنے میں ناکام رہے۔
پشاور زلمی کو پہلا نقصان اس وقت ہوا جب بابر اعظم ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 25 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر شاداب خان کو کیچ تھما بیٹھے۔
صائم ایوب نے چار چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے شاندار 73 رنز کی اننگز کھیلی اور شاداب خان کی گیند پر فہیم اشرف نے ان کا کیچ لیا۔
اس کے بعد محمد حارث 40، رومن پاؤل دو جبکہ ٹام کوہلر کیڈمور 18 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
عامر جمال کریز پر اترے تو آخری دو اوورز میں عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ ان کے نو گیندوں پر 17 رنز نے ٹیم کا مجموعی سکور 185 رنز بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
حسنین طلعت آٹھ جبکہ عامر جمال 17 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے نسیم شاہ نے تین جبکہ شاداب خان اور عبید میک کوئے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی پلیئنگ الیون
ایلکس ہیلز، مارٹن گپٹل، سلمان علی آغا، شاداب خان (کپتان)، اعظم خان، حیدر علی، عماد وسیم، فہیم اشرف، نسیم شاہ، حنین شاہ اور عبید میک کوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کی پلیئنگ الیون میں شامل تھے۔
پشاور زلمی کی پلیئنگ الیون
صائم ایوب، بابر اعظم (کپتان)، محمد حارث، ٹام کوہلر کیڈمور، حسنین طلعت، رومن پاؤل، عامر جمال، لوک وُڈ، مہران ممتاز، عارف یعقوب اور خرم شہزاد پشاور زلمی کی پلیئنگ الیون کا حصہ تھے۔