پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے جاری نویں ایڈیشن کے پلے آف مرحلے کے دوسرے ایلیمینیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 5 وکٹوں سے ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
سنیچر کو کراچی میں کھیلے گئے میچ اسلام آباد یونائیٹڈ نے عماد وسیم اور حیدر علی کی ناقابلِ شکست 98 رنز کی شراکت کے نتیجے میں پشاور زلمی کی جانب سے دیے گئے 186 رنز کے ہدف کو 19 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف اس میچ میں عماد وسیم نے 59 جبکہ حیدر علی 52 رنز بنائے۔
مزید پڑھیں
-
حیدر علی مسلسل ناکام کیوں؟، ’ڈومیسٹک کرکٹ سے آل راؤنڈر ڈھونڈیں‘Node ID: 712841
حیدر علی کی 29 گیندوں پرپانچ چھکوں اور دو چوکوں مدد سے یہ اننگز اُن کی حالیہ خراب کارکردگی کے وقت میں کسی تازہ ہوا کے جھونکے سے کم ثابت نہیں ہوئی۔
دو اکتوبر 2000 کو صوبہ پنجاب کے شہر اٹک میں پیدا ہونے والے حیدر علی کا ابھی تک کا کرکٹ کیریئر امید اور مایوسی سے بھرا رہا ہے۔
انہوں نے 2018 میں ڈومیسٹک ٹورنامنٹ نیشنل ٹی20 کپ سے راولپنڈی کے لیے اپنا ڈیبیو کیا جس کے بعد انہوں نے 2019 کی قائد اعظم ٹرافی کے لیے نادردن کی ٹیم کی میں جگہ بنائی۔
انہیں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 2020 میں ہونے والے سیزن کے لیے پشاور زلمی نے بطور سپلیمنٹری کھلاڑی ٹیم میں شامل کیا اور اُس سیزن میں حیدر علی پی ایس ایل کی تاریخ میں ففٹی بنانے والے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے۔
اسی برس انہوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے انگلینڈ کے خلاف ٹی20 میچ سے انٹرنیشنل ڈیبیو کیا اور پہلے ہی میچ میں انہوں نے ففٹی سکور کی۔

اس میچ کے بعد حیدر علی قومی ٹی20 ٹیم کے مستقل رُکن بن گئے اور انہوں نے پاکستانی ٹیم کی 35 ٹی20 میچوں سمیت دو ون ڈے میچوں میں بھی نمائندگی کی۔
ٹیپ بال سے کرکٹ کا آغاز کرنے والے حیدر علی نے بہت جلد پاکستانی ٹیم میں جگہ بنائی تاہم بھرپور مواقع ملنے کے باوجود وہ امیدوں پر پورا نہ اتر سکے۔
انہوں نے 35 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں صرف 17.41 کی اوسط سے 505 رنز بنائے ہیں جس میں تین نصف سینچریاں شامل ہیں۔
سنہ 2022 حیدر علی کے لیے نہایت مایوس کن رہا جس میں انہوں نے 12 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں صرف 93 رنز بنائے۔
اُسی برس ہونے والا آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ اُن کے لیے کیریئر کے لیے بھیانک ثابت ہوا جس میں انہوں نے دو میچز میں صرف دو رن بنائے اور پھر اُن کی قومی ٹیم میں واپسی نہ ہوئی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ حیدر علی کو پی ایس ایل 9 کے ڈرافٹ میں کراچی کنگز نے ریلیز کر دیا تھا جس کے بعد اُن پر ’ان سولڈ‘ ہونے کی تلوار لٹکنے لگ پڑی تھی تاہم اسلام یونائیٹڈ نے انہیں سپلیمنٹری پِک میں لے لیا۔
پشاور زلمی کے خلاف دوسرے ایلیمینیٹر کی یہ شاندار اننگز جہاں اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے نہایت اہمیت کی حامل تھی وہیں یہ اننگز حیدر علی کے لیے بھی کسی ٹھنڈی ہوا کے جھونکے سے کم ثابت نہیں ہوئی۔
24 برس کے بیٹر کے انٹرنیشنل کیریئر کی بحالی کے لیے یہ اننگز بہت اہم ثابت ہوگی۔
حیدر علی نے اپنی میچ وننگ عمدہ اننگز کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر بھی صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا لی ہے۔
ٹوئٹر صارف اسرار احمد ہاشمی اپنی ٹویٹ میں لکھتے ہیں کہ ’کچھ ہی ایسے پاکستانی کھلاڑی ہیں جن کی کامیابی اپنی ذاتی کامیابی لگتی ہے اور حیدر علی اُن میں سے ایک ہیں۔ اس بار وہ قوم کے پسندیدہ بیٹے بابر اعظم کے خلاف کامیاب ہوئے ہیں۔‘

علی شمراز نے اپنی ٹویٹ میں تبصرہ کیا کہ ’سوچیں کہ کوئی حیدر علی پر شک کرے۔ میں ایسا کبھی نہیں کر سکتا۔‘

ٹوئٹر صارف سعد لکھتے ہیں کہ ’یاد ہے جب حیدر علی ابتدائی ڈرافٹ (پی ایس ایل ڈرافٹ) میں شامل نہیں تھے۔ کیا شاندار دیو مالائی کہانی ہے۔‘

بہرام قاضی نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’یہ دنیا خوشی سے بھرپور جگہ بن جاتی ہے جب حیدر علی پرفارم کرتے ہیں۔‘
