کھجور سے افطار نہ صرف مذہبی اہمیت رکھتا ہے بلکہ اس سے روزہ دار کو صحت کے بے شمار فوائد بھی حاصل ہوتے ہیں۔
حدیث کا مفہوم ہے کہ ’جب تم میں سے کوئی افطار کرے تو کھجور سے افطار کرے کیونکہ یہ برکت ہے اور اگر کھجور نہ ملے تو پانی سے کیونکہ وہ پاک ہے۔‘
کلینکل نیوٹریشن سپیشلسٹ اسماء الحارثی نے بتایا ہے کہ افطاری کے اوقات میں کھجور انسانی جسم کی نقاہت کو دور کر کے ضروری توانائی فراہم کرتی ہے۔
اسماء الحارثی نے بتایا کہ کھجور میں شوگر کی اتنی مقدار موجود ہوتی ہے جو روزے کی حالت میں خون میں شوگر کی کمی پوری کرتی ہے۔
اس میں غذائیت کےعلاوہ وٹامنز اور ایسی معدنیات موجود ہیں جو ہاضمے کے نظام کو آسان اور درست رکھنے میں مدد کرتی ہیں۔
کھجور مملکت کی معیشت میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے کیونکہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اس کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے۔
سعودی عرب میں کھجور کی بہترین اقسام کی خریداری کے خواہاں شہری اور رہائشی غیر ملکی متبرک تحفے کے طور پر ایک دوسرے کو بھجواتے ہیں۔
رمضان کے دوران کھجور افطار کی میز کا اہم جزو ہے اور روزہ دار بہترین اقسام کی کھجور خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
سعودی عرب کے مختلف علاقے ذائقے کے اعتبار سے خاص قسم کی کھجوروں کی بڑے پیمانے پر پیداوار کے لیے مشہور ہیں۔
سعودی عرب کی معروف کھجور کمپنی کے سی ای او بشار القرعی نے اس کی منفرد اقسام کے بارے میں آگاہی دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مملکت کے پیداواری علاقے کو ممتاز کرتی ہیں۔
مدینہ میں عجوہ، صفوی، برنی اور ممبریا کے علاوہ قصیم کے علاقے میں سکری، خلاص، مجدول، سقعی اور برحی کھجور کی اقسام پائی جاتی ہیں۔
الاحسا اور جنوبی علاقہ خلاص اور رزیز کی اقسام کے حوالے سے جانا جاتا ہے جب کہ مملکت کے شمالی علاقے حائل اور الجوف میں الحلوہ کے نام سے معروف کھجور عام ہے۔
بشار القرعی نے بتایا کہ غیر معمولی ذائقے کے لحاظ سے خلاص، سکری، عجوہ، الحلوہ اور صفوی کی ماہ مقدس میں بہت زیادہ مانگ رہتی ہے۔
مملکت کے مختلف علاقوں میں ماہ صیام کے دوران کھجور کے پکوان بھی تیار کیے جاتے ہیں جن میں قصد اور عریقہ کا غذایت سے بھرپور اور لذیذ ہیں اس کے علاوہ کھجور کے بسکٹ اور کھجور کا شربت بھی عام استعمال ہوتا ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں