Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی قیادت کی طرف سے ماسکو میں ہلاکتوں پر افسوس

دہشت گردی اور انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔(فوٹو: عرب نیوز)
سعودی وزارت خارجہ نے ماسکو کے مضافات میں کروکس سٹی ہال میں ہونے والے مسلح دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے جس میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے روسی صدر ولادی میر پوتن سے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اس واقعے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ، روسی حکومت اور عوام سے تعزیت کا اظہار کیا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے بیان میں ہر قسم کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
وزارت خارجہ نے بیان میں روسی فیڈریشن اور عوام کی سلامتی و تحفظ اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔
ماسکو میں سعودی سفارت خانے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حملے کے مقام کے آس پاس کے علاقے سے احتیاط کریں اور مقامی حکام کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ شہری ہنگامی صورتحال کے لیے سفارت خانے سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
متحدہ عرب امارات، اردن، کویت اور بحرین نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرین کے ساتھ ساتھ روسی حکومت سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ داعش نے جمعے کو ماسکو کے ایک کنسرٹ ہال پر مسلح حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے جس میں روسی حکام کے مطابق کم از کم 40 افراد ہلاک اور 100 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔
 

شیئر: